بیت المقدس : مقبوضہ بیت المقدس میں درجنوں یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی پولیس کی فول پروف سکیورٹی میں مسلمانوں کے قبلہ اول کی بے حرمتی کی۔
فلسطینی محکمہ اوقاف کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاکہ گذشتہ روز پولیس کی نقائص سے پاک سکیورٹی میں درجنوں یہودی آباد کاروں، اسرائیلی طلبا اور انٹیلی جنس اہلکاروں سمیت کئی انتہا پسندوں نے مراکشی دروازے سے قبلہ اول میں گھس کر اشتعال انگیز چکر لگائے۔
ایک سو سے زائد آباد کاروں نے اسرئیلی فوج کی فول پروف سکیورٹی میں قبلہ اول کی بے حرمتی کی، مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں اشتعال انگیز حرکتیں کی، قابض فوج نے نماز کی ادائیگی کے لئے مسجد اقصیٰ میں آنے والے فلسطینیوں کی شناخت پریڈ کی اور ان کے شناختی کارڈز ضبط کرلئے۔
واضح رہے کہ یہودی آباد کاروں کی جانب سے قبلہ اول کی بے حرمتی کے واقعات اس سے پہلے بھی پیش آچکے ہیں۔ آئے دن اس طرح کے واقعات رونما ہورہے ہیں اور مسجد میں آنے والے فلسطینیوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔