حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے بنجارہ ہلز پولیس اور سٹی آرمڈ ریزرو پولیس کی جانب سے شہر کے ٹولی چوکی، پیراماونٹ کالونی میں کل رات دیر گئے گھر گھر تلاشی مہم چلائی۔
اس مہم کے دوران پولیس نے بغیر دستاویزات کے چلائی جانے والی 25گاڑیوں کو ضبط کیا جن میں 21 ٹو وہیلرس، تین کار اور ایک آٹو شامل ہیں۔ ساتھ ہی تقریبا 350فلیٹس کی بھی تلاشی لی گئی۔ اس دوران پولیس نے 41 بیرونی باشندوں کو حراست میں لے لیا۔ ان میں سے 32 بیرونی ممالک کے باشندے اجازت سے زیادہ مدت تک قیام کئے ہوئے تھے۔
پانچ منشیات کے معاملہ میں ملوث تھے اور چارحقہ کے ساتھ پکڑے گئے۔پولیس، ان غیر ملکی باشندوں کو ان کے ملک واپس بھیجنے کے اقدامات کررہی ہے۔
شہر حیدرآباد میں پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چوری کی گاڑیاں پکڑنے اور چالانات کو ری کور کرنے کے لئے آئے دن تلاشی مہم کی جاتی ہے اس سے پہلے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی جانب سے تلاشی مہم کی گئی جس کے دوران بے شمار چوری کی گاڑیوں کو ضبط کیا گیا تھا جبکہ چالان ادا نہ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی تھی۔