رجب طیب اردغان
مسلم دنیا

سلامتی کونسل میں اصلاحات کی اشد ضرورت: ترک صدر

ترک صدر رجب طیب اردغان نے چوبیس اکتوبر یوم اقوام متحدہ اور اس کے 77 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے ایک پیغام جاری کیا۔ جس میں انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں اصلاحات اور ایک شفاف اور موثر سلامتی کونسل کا قیام عمل میں لایا جانا ضروری ہے جو کہ تمام رکن ممالک کے لیے مساوی حقوق کی علمبرار بنے۔

ترک صدر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کرنے کی تجویز کو دوبارہ زیر غور لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترکی میڈیا کے مطابق صدر نے کہا کہ ترکی کا شمار عالمی سطح پر امن و سلامتی، حقوق انسانی اور ترقیاتی شعبوں میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے۔

اردغان نے کہا کہ عالمی امن و سلامتی کو درپیش اسلامو فوبیا اور ثقافتی نسل پرستی کے خلاف ہماری کوششوں سے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے خلاف جنگ کا عالمی دن منانے کا اعلان کیا گیا تھا، نفرت کے ماحول کو معاشرتی امن پر مسلط نہ کرنے کی خاطر اقوام متحدہ کی چھت تلے ہم دو طرفہ سفارتی کوششوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

ترک صدر نے مزید کہا کےہ ہر روز ہزاروں معصوم انسانوں کا جانی نقصان بچانے کے لیے اقوام متحدہ کو زیادہ موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے جس کے لیے سلامتی کونسل میں اصلاحات اور ایک شفاف اور موثر سلامتی کونسل کا قیام عمل میں لایا جانا ضروری ہے جو کہ تمام رکن ممالک کے لیے مساوی حقوق کی علمبرار بنے۔

ترکیہ، اقوام متحدہ اور اس کے مقرر کردہ قواعد کی روشنی میں سرگرمیوں اور تعاون کو جاری رکھے گا، ترکی،اقوام متحدہ کے 77 ویں یوم تاسیس کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید کرتا ہے کہ عالم امن و استحکام میں اقوام متحدہ اپنا کردار مزید بہتر بنائے گا۔