حیدرآباد: تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کی مسجد بلال میں بچوں کو نماز کا عادی بنانے کے مقصد سے 40 روزہ ایک مہم شروع کی گئی تھی۔
مہم کے اختتام پر مسجد بلال کمیٹی اور مرزا غفار بیگ کی جانب سے سینکڑوں بچوں کو نماز فجر پابندی سے ادا کرنے پر تحفتاً سائیکل دی گئی۔ اس مہم میں آٹھ برس سے 18 برس کے تقریباً 102 بچوں نے حصہ لیا جنہوں نے پابندی کے ساتھ فجر کی نماز ادا کی۔
مسجد کمیٹی کے صدر سید اکبر حسینی نے تمام لوگوں کے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے ذریعے بچے نماز کے پابند ہوں گے، ان 40 دنوں میں بچوں نے پابندی کے ساتھ نماز ادا کی۔
کمیٹی کے رکن عبدالرشید نے کہا کہ انعامات تقسیم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ بچے نماز کا پابند بنیں اور والدین کی عظمت کو جانیں۔ اس مہم کے دوران والدین کی عظمت سے متعلق واعظ نصیحت کے پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔
عبدالرشید نے بتایا کہ پہلے اس مسجد میں فجر کی نماز میں صرف 4 افراد نماز ادا کرتے تھے۔ اب اس مسجد میں روزآنہ 100 سے زیادہ لوگ نماز ادا کررہے ہیں۔