آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی
قومی خبریں

ایک دن با حجاب لڑکی ہندوستان کی وزیر اعظم بنے گی: اویسی

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے کہا کہ حجاب پہننے والی لڑکی مستقبل میں ہندوستان کی وزیر اعظم بنے گی۔

اسد الدین اویسی نے ہند نژاد رشی سنک کے برطانیہ کا وزیر اعظم بننے کے تنازع پر سوال کے جواب میں کہا کہ ’’انشاء اللہ ایک حجاب پہننے والی لڑکی میری زندگی میں یا زندگی کے بعد ہندوستان کی وزیر اعظم بنے گی۔‘‘

واضح رہے کہ کانگریس لیڈر پی چدمبرم اور ششی تھرور نے سنک کے برطانیہ کے وزیر اعظم بننے کے بعد امید ظاہر کی تھی کہ ہندوستان اقلیتوں سے کسی کو اعلیٰ عہدے پر منتخب کرنے میں برطانیہ کی پیروی کرے گا۔

چدمبرم نے ٹویٹ کیا تھا ’’پہلے محترمہ کملا ہیرس، اب مسٹر رشی سنک۔ امریکہ اور برطانیہ کے لوگوں نے اپنے ملکوں کے غیر اکثریتی شہریوں کو گلے لگایا اور انہیں حکومت میں اعلیٰ عہدوں پر منتخب کیا۔ میرے خیال میں ہندوستان اور اکثریتی جماعتوں کو سبق لینا چاہیے۔

خیال رہے کہ اسد الدین اویسی نے حجاب اور دیگر امور پر مودی حکومت پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ کسی کا بھی اقتدار ہمیشہ کے لئے نہیں ہوتا ایک دن اقتدار کا خاتمہ ضرور ہوتا ہے۔

ملک میں ریاست کرناٹک سے حجاب تنازع شروع ہوا تھا جہاں پر ریاستی حکومت نے کلاس رومز میں حجاب پہننے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے اور فی الحال یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔