New Speech Asaduddin Owaisi
تلنگانہ قومی خبریں

سماج میں شعور بیداری کی اشد ضرورت ہے: اسد الدین اویسی

حیدرآباد: اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) حلقہ تلنگانہ کی عظیم الشان ریاستی کانفرنس کا آخری اور مرکزی سیشن "استعداد سازی اور مستقبل کی راہیں” شہر کے نمائش گراونڈ میں منعقد کیا گیا جس میں ہزاروں لوگ بشمول بچے، طلبہ و طالبات، پروفیشنلز، ڈاکٹرز، طلباء مدرس اور مرد و خواتین وغیرہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر مجلس اتحاد المسلمین کے صدر ورکن پارلیمان بیرسٹر اسد الدین اویسی نے "باشعور شہری: ایک حساس سماج کی طرف” کے عنوان کے تحت ایک جامع خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ سماج میں شعور بیداری کی اشد ضرورت ہے اور اپنے آپ کو چوکنا رکھنے کی ضرورت ہے، اس کا مطلب یہ نہیں ہیکہ ہم مشتعل یا متشدد ہوجائیں، بلکہ ہم اپنے حقوق کے حصول کی جدوجہد میں کے سلسلہ چوکنا رہیں۔

اسد الدین اویسی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہمیں دبانے کی کوشش کی جائے گی لیکن ہم کو مایوس ہونے کے بجائے ایک ذمہ دار شہری کی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔ اس ضمن میں انہوں نے جنگ آزادی میں مسلمانوں بالخصوص خواتین کے کردار کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ انگریزوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے اور اپنی شہری ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے ظلم کے خلاف آواز اٹھائی۔

اسد الدین نے ایس آئی او کو اس کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور اپنے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔