حیدرآباد: تلنگانہ کے منوگوڑو اسمبلی حلقہ میں بی جے پی رہنما و مرکزی وزیر جی کشن ریڈی پارٹی امیدوار راج گوپال ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لئے جارہے تھے کہ منوگوڑو کے علاقے ریتھی پلی انٹری پوائنٹ پر مقامی پولیس اہلکاروں نے مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی کی گاڑی کی تلاشی لی۔
منوگوڑہ اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات کے پیش نظر پولیس نے سخت چوکسی اختیار کر رکھی ہے۔ تمام سیاسی رہنما بشمول مرکزی اور ریاستی وزراء کی گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔
مرکزی وزیر کشن ریڈی نے کہاکہ انہوں نے مقامی پولیس کے ساتھ تعاون کیا۔ کشن ریڈی منوگوڑہ پارٹی امیدوار کے لئے ضمنی انتخابات کی مہم چلانے کے لئے منوگوڑو کے ریتھی پلی گاوں جارہے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ بھی مقامی پولیس نے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کی گاڑی کی تلاشی لی تھی۔
خیال رہے کہ منوگوڑہ اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات کے لئے حکمراں پارٹی ٹی آر ایس اور بی جے پی اس حلقے سے کامیابی کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں۔ پارٹی امیدوار کی انتخابی مہم کے لئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی منوگوڑہ حلقہ کا دورہ کیا تھا اور یہاں پر ایک عوامی ریلی سے خطاب کیا تھا۔