زیادہ پانی پینے کے حیران کُن فائدے
صحت

زیادہ پانی پینے کے حیران کُن فائدے

گرمی کے موسم میں ہم پانی کا استعمال زیادہ کرتے ہیں لیکن سردی کا موسم میں پیاس کم لگتی ہے اور پانی پینے کا استعمال کم ہو جاتا ہے جو کئی پریشانیوں کا سبب بن سکتا ہے۔

ایک دن میں کم از کم 8 گلاس پانی پینا تو ضروری ہے لیکن سردی کے موسم میں پیاس نہ لگنے کی وجہ سے ہم پانی نہیں پی پاتے، اگرچہ سردی کے موسم میں پیاس نہیں لگتی لیکن اگر پانی کا استعمال باقاعدگی سے نہیں کریں گے تو بلڈ پریشر میں کمی، خون کے دباؤ میں کمی اور گردوں کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

زیادہ پانی پینے سے آخر کیا فائدہ ہوگا؟ آخر کیوں ہر نئی تحقیق میں بتایا جاتا ہے کہ پانی پینا صحت کے لیے فائدہ مند ہے؟

زیادہ پانی پینے کی وجہ سے جسمانی کارکردگی بہتر ہوتی ہے

اگر آپ کے جسم میں پانی کی کمی ہوگی تو آپ جسمانی طور پر فِٹ نہیں رہیں گے۔ بالخصوص جب آپ ورزش کر رہے ہوں یا تپتی دھوپ میں ہوں تو پانی کا استعمال لگاتار کرتے رہیں۔

اگر آپ کے جسم میں 2 فیصد پانی کی کمی رہے گی تو آپ ڈی ہائیڈریشن کا شکار رہیں گے، تاہم جو لوگ ورزش کرتے ہیں ان کے جسم سے اضافی پانی یا نمکیات پسینے کے ذریعے نکل جاتا ہے۔

پانی پینے سے دماغ کی نشوونما میں اضافہ

ایک تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ اگر جسم میں ایک یا 3 فیصد پانی کی کمی ہوجائے تو آپ کے جسم میں ڈی ہائیڈریشن پیدا ہوتی ہے جس کے باعث دماغ کی نشوونما پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اسی طرح ڈی ہائیڈریشن کی وجہ سے یادداشت پر منفی اثرات، بے چینی اور تھکاوٹ میں اضافہ ہوتا ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ پانی کی معمولی کمی انسانی رویے، یادداشت اور دماغ کی کارکردگی کو خراب کر سکتی ہے۔

سر میں درد اور مائیگرین کی شکایت

کئی افراد سَر درد یا مائیگرین کا شکار رہتے ہیں جس کی ایک وجہ جسم میں پانی کی کمی ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سر درد پانی کی کمی کی سب سے عام علامات میں سے ایک ہے۔ کچھ تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ پانی پینے سے اُن لوگوں کی شکایت دور ہوسکتی ہے جو اکثر سَر درد میں مبتلا رہتے ہیں۔

قبض کی شکایت دور کرنے میں معاون

بچوں اور بڑوں کو قبض کی شکایت بہت عام رہتی ہے جبکہ اگر آپ کے جسم میں پانی کی مقدار کم ہوگی تو آپ کا ہاضمہ بھی بہتر نہیں ہوگا۔ اس کا علاج بھی پانی ہے، پانی میں میگنیشیم اور سوڈیم کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، یہ قبض کے خاتمے میں انتہائی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

گردوں میں پتھریوں کا علاج

گردوں کے مختلف امراض میں سے ایک پتھری بن جانا ہے جو کافی عام ہے اور دنیا بھر میں ہر 11 میں سے ایک شخص کو اپنی زندگی میں گردوں کی پتھری کا سامنا ہوتا ہے، اگر آپ بھی ان میں سے ایک ہیں تو اس بات کے 50 فیصد امکانات ہیں کہ آپ کو ایک بار پھر اس عارضے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پانی کا زیادہ استعمال پتھری کو نکانے کے لیے کافی ثابت ہوتا ہے، وہ افراد جو اس مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں وہ لازمی پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں تاکہ آپ کے گردے پتھریوں سے نجات حاصل کرسکیں۔ تاہم اگر وہ پیشاب کی نالی میں پھنس جائے یا پیچیدگیوں کا باعث بنے تو پھر سرجری کروانا پڑتی ہے۔

زیادہ پانی پینا وزن کم کرنے میں بھی مددگار

دنیا میں ایک بڑا طبقہ وزن بڑھنے کے مسئلے سے دوچار اور متاثر ہے لیکن اکثر لوگ اس بات سے ناواقف ہیں کہ وزن کم کرنے کا آسان اور سب سے سستا حل زیادہ سے زیادہ پانی پینا ہے۔ پانی پینے سے ہاضمے کی رفتار بڑھ جاتی ہے، جس سے زیادہ تعداد میں کیلوریز جلانے میں مدد ملتی ہے۔