Giant Dome Of Mosque Collapses
مسلم دنیا

انڈونیشیا: مسجد میں آگ، گنبد منہدم

جکارتہ: انڈونیشیا میں بدھ کے روز جکارتہ اسلامک سینٹر گرینڈ مسجد کا عالیشان گنبد آگ لگنے کے بعد منہدم ہوگیا۔

گلف ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش فوٹیج میں مسجد کے گنبد کو گرتے ہوئے دیکھا گیا ہے، تاہم حکام نے کہا کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

انڈونیشیا کی میڈیا کے مطابق فائر فائٹرز کو مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے کے فوراً بعد آگ لگنے کے بارے میں آگاہ کیا گیا، جس کے بعد کم از کم دس فائر انجن جائے وقوعہ پر روانہ کیے گئے۔

ویڈیو فوٹیج میں مسجد کے گنبد کے گرنے سے عین پہلے اس کے گنبد سے آگ کے شعلے اور دھواں اٹھتے دیکھا گیا۔ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت اسلامک سنٹر کی تزئین و آرائش کی جا رہی تھی۔

آگ لگنے یا گنبد گرنے کی وجہ سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔ مقامی میڈیا نے مزید کہا کہ پولیس آگ لگنے کی وجہ کی تحقیقات کر رہی ہے اور عمارت میں کام کرنے والے مزدورں سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

مسجد کے علاوہ اسلامک سینٹر کمپلیکس میں تعلیمی، تجارتی اور تحقیقی سہولیات بھی موجود ہیں۔ گلف ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق مسجد کے گنبد میں آخری بار تقریباً 20 سال قبل تزئین و آرائش کے دوران آگ لگی تھی، اکتوبر 2002 کی آگ پر قابو پانے میں تقریبا پانچ گھنٹے لگ گئے تھے۔