پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ساری انسانیت کے لیے ہیں
متفرق مضامین

پیغمبرِ اسلام کی تعلیمات میں سبھی کے حقوق بیان کیے گئے ہیں

ممبئی: سماجی، تعلیمی، سیاسی، صحافتی اور ثقافتی میدانوں میں سرگرم متعدد شخصیات نے امسال عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر "پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ساری انسانیت کے لیے ہیں،” کے نعرے کے ساتھ عید میلاد النبی پر غیر مسلموں کو آپ کی تعلیمات سے متعارف کروانے کاعزم کیا ہے اور سلسلہ کا آغاز ماہ ربیع الاول کی پہلی تاریخ سے کیا گیا ہے اور غیرمسلم صحافیوں کو اسلام جمخانہ میں مدعو کیا گیا۔

اس موقع پر اسلام جمخانہ کے صدر اور سابق ایم ایل اے ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی نے کہاکہ حال میں ہم دیکھ رہے ہیں کافی وقت سے مذہب اسلام اور پیغمبر اسلام محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی گستاخی اور آپ کے خلاف توہین آمیز باتیں اور بیانات کا منظم انداز میں پرو پیگنڈہ کیا جار ہا ہے.

انہوں نے کہاکہ ایسی باتوں کا پروپیگنڈہ زور وشور سے کیا جاتا ہے، جس سے دوسرے مذاہب کے لوگ اس بات پر یقین کر نے پر مجبور ہوجاتے ہیں جو انہیں ٹی وی اور سوشل میڈیا میں دکھایا جاتا ہے لیکن جب سچائی انہیں بتائی جاتی ہے تو سچائی پر یقین کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

یوسف ابراہانی نے کہاکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے بارے میں غلط فہمیوں اور غلط معلومات کے عام ہونے کی وجہ سے مسلمان بے چینی کا شکار ہیں۔ جب بھی میڈیا میں اس طرح کی سنسنی خیز خبر آتی ہے تو مسلمان نبی کر یم ص اور اسلام کی عزت کا دفاع کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ معاشرے میں بہت سے لوگ ہیں جو نبی کریم ص کی شبیہ کو مجروح کرنے میں بڑا فخر محسوس کرتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ اسلام کی سچائی کو نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے ذریعے ان غلط فہمیوں، غلط معلومات کو دور کرنے کے لیے ProphetForAll (پیغمبر سب کے لیے)
مہم کی شروعات کی گئی ہے۔

مشہور ہندی صحافی جتیندر دکشت نے اس پہل کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی گنگا جمنی تہذیب ہمیشہ قائم ودائم رہیگی اور اسے کسی طرح نقصان نہیں پہنچا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم محلوں گلیوں میں ہم سب کا بچپن گزرا ہے اور تعلیم بھی جنوبی ممبئی کے مسلم اکثریتی علاقے میں ہوئی ہے، اس لیے اگر غلط فہمیاں پیدا ہوئی ہیں تو انہیں دور کرنا چاہیئے اور یہ پہل بہت اچھی ہے۔

مذکورہ مہم میں ممبئی کے چند ذمہ داروں نے یہ بیڑہ اٹھایا ہے، اس مہم کی شروعات کا خالص مقصد ناموس رسالت پاک ص کو محفوظ کرنا ، رسول اللہ صلی علیہ وآلہ وسلم کی سچی تعلیمات کو عام کرنا ، خاص کر برادران وطن کے بیچ پہنچ کر انہیں تعلیمات سے متعارف کروانا ہے۔ ، جن میں نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصیت کو لے کر بہت ساری غلط فہمیاں پیدا کی گئی ہیں۔