اسرائیل فلسطین جھڑپ
مسلم دنیا

اسرائیلی فورسز کا پناہ گزین کیمپ پر حملہ، 4 فلسطینی شہید

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج نے حملہ کیا جس کے باعث چار فلسطینی افراد شہید ہوگئے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق مغربی کنارے میں جنین پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کے حملے کے دوران کم از کم چار فلسطینی جاں بحق جبکہ 44 سے زائد زخمی ہو گئے۔

فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فورسز نے نام نہاد جعلی آپریشن کی آڑ میں آج صبح جنین پناہ گزین کیمپ میں گھسنے کی کوشش کی تو اس دوران فلسطینیوں نے مزاحمت کی اور قابض فوجیوں پر پتھر برسائے۔ فسلطینیوں کی جانب سے سخت مزاحمت پر اسرائیلی فوجیوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں چار فلسطینی شہید جبکہ چوالیس سے زائد زخمی ہوئے۔

چار فلسطینیوں کی شہادت کے بعد جنین پناہ گزین کیمپ میں شدید احتجاج شروع ہوگیا جس میں عورتوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی، احتجاج میں شامل افراد اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگارہے تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے بعد ازاں ایک کنڈر گارٹن سینٹر پر بھی بمباری کی جس کے باعث وہ زیرتعلیم کمسن بچوں میں سخت خوف وہراس پھیل گیا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، سینٹر پر اسرائیلی حملے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں گرفتاریوں اور فوجی کارروائیوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا ہے جس کے باعث فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپیں عام ہو گئی ہیں۔ ایک سال قبل بھی اسی طرح کی بدامنی کے نتیجے میں 11 روز لڑائی جاری رہی تھی۔