دہلی: مرکزی حکومت کی جانب سے پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) اور اس کی ذیلی تنظیموں یا ملحقہ اداروں یا طلبہ ونگ پر پانچ سال کی مدت کے لیے فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
مرکزی حکومت نے اس ضمن میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں کہا گیا کہ پی ایف آئی اور اس سے وابستہ تنظیمیں، سماجی، اقتصادی، تعلیمی اور سیاسی تنظیم کے طور پر کھلے عام کام کرتے ہیں لیکن وہ معاشرے کے ایک خاص طبقے کو بنیاد پرست بنانے کے لیے خفیہ ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جو جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور آئینی اتھارٹی اور ملک کے آئینی سیٹ اپ کے خلاف سراسر بے عزتی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پی ایف آئی اور اس کے ساتھی یا ملحقہ ادارے یا فرنٹ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں، جو ملک کی سالمیت، خودمختاری اور سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں اور ملک کے امن عامہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے اور عسکریت پسندی کی حمایت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’PFI کے کچھ بانی ممبران اسٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا (SIMI) کے رہنما ہیں اور PFI کا جماعت المجاہدین بنگلہ دیش (JMB) سے تعلق ہے، یہ دونوں ہی کالعدم تنظیمیں ہیں‘‘۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ "مرکزی حکومت مندرجہ بالا حالات کو دیکھتے ہوئے یہ پختہ رائے رکھتی ہے کہ PFI اور اس سے ملحقہ اداروں کو فوری اثر کے ساتھ سیکشن 3 کے تحت عطا کردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ایک غیر قانونی ایسوسی ایشن کے طور پر اعلان کرتی ہے’’۔
واضح رہے کہ 27 ستمبر کو قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) اور دیگر ایجنسیوں نے ملک بھر میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے کئی مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ اترپردیش، مدھیہ پردیش، پنجاب، دہلی، کیرالہ، گجرات، کرناٹک، مہاراشٹر اور آسام میں چھاپے مارے گئے تھے۔ تحقیقاتی ایجنسیوں نے صرف کرناٹک سے ہی پی ایف آئی کے 75 ارکان کو حراست میں لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ملک کے مختلف مقامات سے کُل 180پی ایف آئی ممبران کو گرفتار کیا گیا۔
تفتیشی ایجنسیوں نے 27 ستمبر کو ملک کی آٹھ ریاستوں میں پی ایف آئی کے خلاف تازہ چھاپہ ماری کی تھی، اس دوران پی ایف آئی کے 180 اراکین و عہداران کو گرفتار کیا گیا۔ تازہ چھاپے ماری میں آسام سے 25، مہاراشتڑ سے چھ، دہلی سے 30، کرناٹک سے 75، گجرات سے 10، اترپریش سے 25 اور مدھیہ پردیش سے 24 کارکنان کو گرفتار کیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے 22 ستمبر کو قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے)، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور ریاستی پولیس فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے ملک کی 11 ریاستوں میں چھاپے مارے تھے، اس دوران پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے 106 سے زائد رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا۔
قومی تحقیقاتی ایجنسی اور دیگر ایجنسیوں کی جانب سے 22 ستمبر اور 27 ستمبر کو ملک بھر میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے کئی مقامات پر چھاپے کے دوران کُل 286 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، 22 ستمبر کو 106 اور 27 ستمبر کو 180 پی ایف آئی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔