ملک بھر میں جمعرات 22 ستمبر اور آج 27 ستمبر کو پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے آفس اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے اور اب تک 180 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
نئی دہلی۔ (پریس ریلیز)۔ سنودھان سرکشا آندولن (SSA) کے جنرل سکریٹری راج رتن امبیڈکر نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں این آئی اے کے ذریعے پاپولر فرنٹ آف انڈیا اور ایس ڈی پی آئی کے سو سے زیادہ سرکردہ لیڈروں کی ملک بھر میں غیر منصفانہ گرفتاری کی سخت مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکز میں انتہائی دائیں بازو کی ہندوتوا حکومت ملک میں دہشت اور خوف کا ماحول پیدا کررہی ہے۔ این آئی اے اور ای ڈی حکومت کی کٹھ پتلی بن گئی ہیں اور حکومت ان ایجنسیوں کا استعمال فسطائیت کے خلاف آواز وں کو دھمکانے اور دبانے کیلئے کررہی ہے۔
سنودھان سرکشا آندولن(SSA)، پاپولرفرنٹ آف انڈیا اور ایس ڈی پی آئی کے گرفتار لیڈروں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعلان کرتی ہے، ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ان لیڈروں کی غیر مشروط اور فوری رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔ جنہیں بغیر کسی قابل اعتراض ثبوت کے فرضی الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں جمعرات 22 ستمبر اور آج 27 ستمبر کو پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے آفس اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے اور اب تک 180 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔