حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے اراکین اسمبلی پر مشتمل ایک وفد نے پیر کے روز حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند سے ملاقات کی اور کاروباری اداروں کو دیر رات ایک بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دینے کے لیے ایک میمورنڈم پیش کیا۔
رکن اسمبلی احمد پاشاہ اور دیگر اراکین اسمبلی نے پولیس کمشنر سی وی آنند سے اپیل کی ہے کہ پرانے شہر میں ہوٹلوں اور دیگر کاروباری اداروں کو ایک بجے رات کو کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے۔
احمد پاشاہ قادری نے بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پرانے شہر میں ہوٹل مالکان پر ایک بجے رات تک کھلا رکھنے پر چالانات کیے جارہے ہیں اور ایک سے تین مرتبہ چالان ہونے پر انہیں جیل بھیج دیا جارہا ہے یہ سراسر غلط ہے۔
اگر کاروبار کرنے والوں پر چالان پر چالان کیے جائیں اور اس کو جیل بھیج دیا جائے تو اس کے کاروبار کو نقصان تو ہوگا ہی، ساتھ ہی چالان اور جیل کی اذیت علیحدہ۔
انہوں نے کہا کہ رات گئے دکانیں کھلی رکھنے والوں کو گرفتار کرنے کی بجائے معمولی چالان جاری کرکے سزا دی جائے۔
انہوں نے کمشنر پولیس سے اپیل کی ہے کہ ہوٹل اور کاروباری اداروں کو ایک بجے رات تک کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے۔
اس وفد میں مجلس کے رکن اسمبلی احمد پاشاہ قادری، ممتاز احمد خان، جناب کوثر محی الدین اور دیگر شامل تھے۔