Mass Marriages by Anjuman Falah-e-Mashara
تلنگانہ

معاشرہ سے جہیز کی لعنت کو ختم کرنا وقت کی اہم ضرورت

حیدرآباد: انجمن فلاح معاشرہ یاقوت پورہ کی جانب سے آج سعید ولا فنکشن پلازہ رین بازار یاقوت پورہ میں اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد کی گئی جس میں سات مستحق لڑکیوں کی شادی کی گئی۔ اجتماعی شادی تقریب میں انجمن کی جانب سے مستحق جوڑوں کو ضروری سازوسامان بھی دیا گیا۔

اجتماعی شادی کی تقریب میں مولانا ڈاکٹر محمد عبد المجید سابق پروفیسر عثمانیہ یونیورسٹی اور دیگر حضرات نے شرکت کی۔ انہوں نے خطبہ نکاح کے بعد خطاب کرتےہوئے کہا کہ آج غریب والدین کےلئے اپنی بیٹیوں کی شادی جوئے شیر لانے سے کم نہیں ہے۔ معاشرہ میں بے شمار غریب گھرانے کی لڑکیاں جہیز کے لین دین کے باعث گھروں میں بیٹھی ہوئی ہیں۔

صدر انجمن فلاح معاشرہ نے بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب میں سات غریب اور مستحق لڑکیوں کی شادی کی گئی اور ان کے لئے ضروری سازو سامان بھی فراہم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تنظیم معاشرہ میں مختلف کار خیر کے لئے 1990 سے سرگرم ہیں اور اب تک تنظیم کی جانب سے بے شمار غریب مستحق لڑکیوں کی اجتماعی شادی انجام دی گئی اور آئندہ بھی یہ کار خیر جاری رہے گا۔