بنگلورو۔(پریس ریلیز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI)کرناٹک ریاستی صدر عبدالمجید نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں اے آئی سی سی کے سابق صدر راہل گاندھی کے پی ایف آئی کے دفاتر پر چھاپوں اور ملک کی دس ریاستوں میں عہدیداروں کے رہائش گاہوں پر چھاپوں کا دفاع کرنے کے بیان پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ کیا وہ وہی شخص تھا؟ جس نے مرکزی حکومت کی ایجنسیوں جیسے ED اور IT کو ان کے اپنے پارٹی کے لیڈروں پر چھاپے مارنے پر تنقید کی تھی۔
اب تک لوگوں کا ماننا تھا کہ کانگریس پارٹی سیکولرازم پر یقین رکھتی ہے اور اقلیتوں، دلتوں اور مظلوم طبقات کی حفاظت کرتی ہے۔ جواہر لعل نہرو اور اندرا گاندھی جیسے سابق وزیر اعظم نے کئی دہائیوں تک سماجی طور پر مظلوم طبقوں کی بہتری کے لیے کام کیا۔
انہوں نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی پروگرام تیار کیے تھے۔ لیکن راہل نے اس وراثت کو توڑا اور وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں فرقہ وارانہ حکومت کی حمایت کی جس نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر دہشت گردانہ سرگرمیوں کی حمایت کرنے اور اس کیلئے گھریلو اور بیرون ممالک کا فنڈز حاصل کرنے کے بے بنیاد الزام لگا کر بند دفاتر کو توڑ کر چھاپے مارے اور بے گناہوں کو گرفتار کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ PFI اور SDPI ہمیشہ ملک بھر میں اقلیتوں اور مظلوم طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتے ہیں۔ ملک بھر میں این آئی اے کے خلاف رضاکارانہ طور پر احتجاج کرنے والے لوگوں کے مناظر اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ان لوگوں کا ان تنظیموں میں کس سطح پر اعتماد ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی تنظیموں کی حمایت کرنے کے بجائے راہل نے NIA کی طرف سے PFI لیڈروں کو فرضی اور من گھڑت مقدمات میں گرفتار کرنے کے لیے اختیار کیے گئے سخت اور غیر جمہوری طریقے پر ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ یہاں تک کہ ان کے اہل خانہ کو یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کے قریبی عزیزوں کو کہاں لے جایا گیا ہے۔
جب کہ ان میں سے کچھ کو بنگلورو اور کچھ کو دہلی لے جایا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی کی خاموشی ظاہر کرتی ہے کہ وہ پی ایف آئی اور ایس ڈی پی آئی پر ایسا چھاپہ چاہتے تھے جسے وہ سیاسی حریف سمجھتے ہیں۔ لوگ پہلے ہی ملک بھر میں کانگریس پارٹی کو مسترد کر چکے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب پارٹی کو ملک کے سیاسی نقشے سے مٹ جائے گا۔
ایس ڈی پی آئی اور پی ایف آئی نے کانگریس کی حمایت کی تھی جب ای ڈی نے نیشنل ہیرالڈ نیوز پیپر کیس کے سلسلے میں اے آئی سی سی صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کو طلب کیا تھا، کانگریس پارٹی سے محبت نہیں بلکہ اپنے حریفوں پر حملہ کرنے کے لئے سرکاری ایجنسیوں کے غلط استعمال کے خلاف ہم نے کانگریس کی حمایت کی تھی۔
مرکزی حکومت کی تقسیم کی سیاست اور اپوزیشن کو خاموش کرنے کے لیے عوامی مینڈیٹ کے مکمل غلط استعمال کے خلاف راہل گاندھی سے سخت بیان اور موقف کی توقع تھی۔ عوام ہر چیز کو قریب سے دیکھ رہے ہیں اور 2023 کرناٹک اسمبلی اور 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں مناسب جواب دیں گے۔