بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش کے صنعتی شہر اندور اور ضلع اجین کے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے دفتر پر این آئی اے نے چھاپہ مارتے ہوئے 4 کارکنان کو گرفتار کیا تھا جس کی آج سماعت ہوئی اور ضلع عدالت نے این آئی اے کو پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے کارکنان کی 7 دنوں کی تحویل دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کی رات این آئی اے, آئی ڈی اور ریاستی پولیس فورسز کی مشترکہ ٹیم نے ملک کی 10 ریاستوں میں بڑی کاروائی کی تھی اس دوران پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے کئی رہنماؤں کی گرفتار کی بھی اطلاع ہے۔
قومی تحقیقی ایجنسی نے اندور کے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ٹھکانوں پر چھاپہ مار کارروائی کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ این آئی اے نے پی ایف آئی کے 4 کارکنان کو گرفتار کیا تھا یہ کارروائی اندور اور اجین میں ایک ساتھ کی گئی تھی۔
این ای اے نے اس کارروائی کے بعد پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چاروں کارکنان کو کورٹ میں پیش کیا اور بیرونی ممالک میں فنڈنگ اور ٹیرر فنڈنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کی تحویل کا مطالبہ کیا تھا۔ جس پر آج ضلع عدالت میں جج رگھو ویر پرساد پٹیل نے سنوائی کی اور این آئی اے کے مطالبہ پر پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے کارکنان کو 7 دنوں کی تحویل پر این آئی اے کے حوالے کر دیا۔
واضح رہے کہ این آئی اے نے جب اندور اور اجین کے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے دفاتر پر چھاپے مارے تھے تو وہاں سے ان کے موبائل اور لیپ ٹاپ بھی ضبط کیے تھے۔