Moulana Hamid Mohd Khan on SIO Telangana
تلنگانہ

ایس آئی او سماج کی تعمیرِ نو کا عزم لیکر اٹھی: مولانا حامد محمد خان

ایس آئی او کے اس سال چالیس سال تکمیل ہونے پر ملک بھر میں مختلف سرگرمیاں انجام دی جارہی ہے۔ جس کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں تک پہنچنے اور انہیں تنظیم سے قریب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اسی سلسلہ میں تلنگانہ کے مختلف اضلاع اور شہروں میں کانفرنس اور دیگر پروگرامس منعقد کیے جارہے ہیں۔

اسی کڑی کے طور پر شہر حیدرآباد میں بھی دو روزہ عظیم الشان کانفرنس بعنوان igniting change بتاریخ 22/ 23 اکتوبر بروز ہفتے اور اتوار منعقد ہونے جارہی ہے۔

اس ضمن میں آج اسلامک سنٹر لکڑکوٹ چھتہ بازار میں پریس میٹ منعقد کی گئی۔ دو روزہ کانفرنس کی تفصیلات بتاتے ہوئے محمد قیام الدین ریاستی سکریٹری ایس آئی او تلنگانہ نے کہا کہ 1982 میں ایس آئی او کا قیام عمل میں آیا اور امسال تنظیم کو 40 سال مکمل ہوگئے ہیں۔

ان چالیس سالوں میں ایس آئی او نے مختلف میدانوں میں بالعموم ملت بالخصوص طلبہ و نوجوانوں کی ہر محاذ پر رہنما کی ہے۔ ایس آئی او نے تعلیمی اداروں میں ایک طرف پالیسی سازی پر توجہ دی تو وہیں تعلیمی اداروں کو سماجی طور پر حساس بنانے اور طلبہ میں سماجی مسائل کے تئیں حساسیت پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔

ریاست کے تمام اضلاع سے طلبہ و نوجوانوں کو مدعو کرتے ہوئے ریاستی صدر ڈاکٹر طلحہ فیاض نے کہا کہ اس قسم کے کانفرنس نوجوانوں میں حساسیت پیدا کرنے اور معاشرے کی سماجی سیاسی اور تعلیمی صورت حال کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہوتی ہے۔ ایسے مواقع یقینا سماج تعمیری تبدیلی پیدا کرسکتے ہیں۔

امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے کہا کہ ایس آئی او سماج کی تعمیر نو کا عزم لیکر اٹھی ہے اور مستقبل میں اس عزم کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں اور طلبہ و نوجوانوں کی ہمہ جہت تربیت اور ان کی مختلف میدانوں میں صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کا کام کررہی ہے۔