قومی خبریں

کرناٹک: گنیش ریلی کے دوران مسجد پر چپل پھینکی گئی، 5 گرفتار

بیلاری: کرناٹک کے بیلاری کے سرگپا علاقے میں ہفتے کے روز وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کی جانب سے ہندو مہاسبھا گنیش وسرجن کمیٹی کے بینر تلے گنیش وسرجن جلوس نکالا گیا، جس میں بڑی تعداد میں ہندو عقیدت مندوں نے شرکت کی تھی۔

سیاست کی خبر کے مطابق جیسے ہی یہ جلوس سرگپا کے مسلم آبادی والے علاقے میں واقع سوداگر سنی مسجد کے پاس سے گزرا، وشو ہندو پریشد کے ایک رکن نے اپنی چپل مسجد کی طرف پھینک دی، جس کا ویڈیو ریکارڈ کرلیا گیا تھا بعد ازاں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

بیلاری کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے ایک پریس بیان میں کہا کہ شکایت کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ” ہم نے مسجد پر چپل پھینکنے والے پانچ شرپسندوں کو گرفتار کیا ہے۔ ہم انہیں عدالت میں پیش کریں گے۔

پانچوں ملزمان کے خلاف دفعہ 153 (اے) (مذہب، نسل، جائے پیدائش، رہائش، زبان وغیرہ کی بنیاد پر مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا، اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے نقصاندہ حرکتیں کرنا)، 109 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مقامی لوگوں نے دعویٰ کیا کہ ملزم نتیش کمار وی ایچ پی کا رکن ہے اور اس کے ساتھ کئی لوگ تھے۔ جلوس میں مبینہ طور پر مہاتما گاندھی اور وی ڈی ساورکر کے قاتل نتھورام گوڈسے کی تصویر بھی آویزاں کی گئی تھی۔ امن و امان برقرار رکھنے اور حالات پر قابو پانے کے لیے پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

مسجد میں چپل پھینکنے پر برہمی

سوداگر سنی مسجد کے صدر محبوب باشا نے سیاست ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے اس واقعہ پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ’’اس سے پہلے بھی کئی جلوس گزر چکے ہیں جن میں نفرت آمیز کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ اس بار بجرنگ دل اور وی ایچ پی گروپ نے شہر میں بدامنی پھیلا دی ہے۔

محبوب نے مزید کہا کہ "مسجد پر چپل پھینکنے کے اس گھٹیا حرکت سے علاقے کے نوجوان مسلمان برہم ہیں۔ تاہم ہم نے ان سے کہا کہ وہ پرسکون رہیں اور قانون سے رجوع کر کے تحمل سے اس سے نمٹیں۔

سرگپا کے ایک اور رہائشی حبیب نے بتایا کہ ملزم کمار کے بجرنگ دل اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے کئی سینئر لیڈروں سے تعلقات ہیں۔ حبیب نے کہا کہ "یہ شہر میں امن و امان کو خراب کرنے کے لیے ایک منصوبہ بند سازش ہے‘‘۔

کیمپس فرنٹ آف انڈیا کے ریاستی سکریٹری سید سرفراز نے بھی اس گھٹیا حرکت کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ مسجد پر سینڈل پھینکنے والے کو گرفتار کیا جائے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کرناٹک آلوک کمار نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ان کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کی جا رہی ہے”۔