صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم
تلنگانہ

تلنگانہ حج کمیٹی نے حجاج کرام کو تمام سہولیات فراہم کی: صدر نشین الحاج محمد سلیم

حیدرآباد: تلنگانہ حج کمیٹی کا اجلاس آج حج ہاوز میں واقع حج کمیٹی کے دفتر میں صدر نشین الحاج محمد سلیم کی صدارت میں منعقد ہوا۔

 صدر محمد سلیم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے حجاج کرام کے لئے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔ حجاج کرام کے لئے انتظامات کی خود سنٹرل حج کمیٹی کے صدر نے ستائش کی ہے۔


محمد سلیم نے کہا کہ حج کیمپ کے دوران حجاج کرام کی تمام تر سہولیات کا بھر پور خیال رکھا گیا، حج کمیٹی کا تمام عملہ حجاج کرام کی خدمات کے لئے انتہائی متحرک تھا اور انہیں کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں ہونے دی گئی۔

حج کیمپ 2022 کے کامیاب انعقاد کے بعد کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس ہے۔ ارکان کو کیمپ کی مکمل تفصیلات بشمول اخراجات کے بارے میں رپورٹ پیش کی گئی جس میں صدر نشین محمد سلیم نے اخراجات کی پوری تفصیل بیان کی۔ حج 2022 کے اخراجات پر مبنی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے 2 کروڑ روپئے بجٹ جاری کیا تھا جبکہ جملہ اخراجات ایک کروڑ63 لاکھ کے ہوئے ہیں جس میں اسٹاف کی تنخواہیں بھی شامل ہیں۔

اجلاس میں حج کیمپ اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے انتظامات اور حجاج کرام کی رائے سے واقف کروایا گیا۔ آڈٹ رپورٹ برائے سال 2021-22 کو منظوری کیلئے پیش کیا گیا۔ موجودہ بجٹ کا موقف اور دفتر کیلئے کمپیوٹر اور دیگر اشیاء کی خریدی کی تجاویز پیش کی گئی۔

صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم نے بتایا کہ کیمپ کے کامیاب انعقاد میں نمایاں رول ادا کرنے والے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو تہنیت پیش کرنے کیلئے تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہیں ان کی بہترین خدمات کے لئے تہنیت پیش کی جائے گی۔

اس دوران مجلس کے رکن اسمبلی کوثر محی الدین نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی نے حجاج کرام کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کی ہے۔ انہوں نے حجاج کرام کے لئے خدمات انجام دینے والے عہدیداروں اور عملہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔