Asaduddin Owaisi ki Hyderabad ke Awaam se Khaas Appeal.
قومی خبریں

اسد الدین اویسی کی مسلمانوں سے اپیل

مجلس اتحادالمسلین کے صدر و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی گرفتاری پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کا احتجاج اور جدوجہد کامیاب ہوگئی ہے کہ راجہ سنگھ کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام مسلمانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جمعہ کے دوران پر امن رہے اور اپنے اپنے علاقوں کی مساجد میں ہی نماز جمعہ ادا کریں۔

اویسی نے مزید کہا کہ ہمیں جمعہ کے موقع پر کسی قسم کا کوئی ہنگامہ نہیں کرنا ہے تاکہ شر پسند عناصر کو کوئی اور موقع نہ ملے۔

اویسی نے کہا کہ فرقہ پرست عناصر حیدرآباد کے امن کو مکدر کرنا چاہتے ہیں، ہم انہیں اس منصوبے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور شہر کے ماحول کو کسی صورت بگڑنے نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد میں امن وامان کو بگاڑنا چاہتی ہے اسی لئے آئے دن مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز بیانات دیے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ شہر حیدرآباد میں 22 اگسٹ کو راجہ سنگھ کی جانب سے شان رسالت ﷺ میں گستاخی کے بعد سے احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔ احتجاج کو روکنے کےلئے پولیس نے کئی مقامات پر لاٹھی چارج کیا۔ گذشتہ روز شاہ علی بنڈہ اور دیگر متصل علاقوں میں احتجاجی کرنے والوں پر لاٹھی چارج کیا اور گھروں میں گھس کر نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا۔ گستاخ رسول راجہ سنگھ کو گرفتار کرکے اس کو چند گھنٹوں میں ہی چھوڑ دیا گیا تھا۔