Owaisi on Prophet Row in Hyderabad
تلنگانہ حالات حاضرہ

حیدرآباد میں بی جے پی کی فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرنے کی کوشش: اویسی

مجلس اتحادالمسلین کے صدر و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے شان رسالت ﷺ میں گستاخی پر میڈیا سے بات کرتےہوئے کہا کہ راجہ سنگھ نے جو ویڈیو جاری کیا ہے اس سے مسلمانوں کو شدید روحانی تکلیف پہنچی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کے نزدیک حضور ﷺ کی محبت جان سے بھی زیادہ ہے اور اسی سے ایمان کا دار و مدار ہے اور رسول اللہ ﷺ ہمارا دل ہے، جان بوجھ کر یہ ویڈیو جاری کیا گیا تاکہ مسلمانوں سے نفرت کا اظہار ہو۔

اویسی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں گنیش کا جلوس اور ربیع الاول کا مہینہ ہے جس میں مسلمان جلوس نکالتے ہیں ان دونوں مواقع پر فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اسد الدین اویسی نے مزید کہا کہ مجلس نے تلنگانہ کے اسپیکر کو ایک لیٹر روانہ کیا جس میں راجہ سنگھ کی رکنیت کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی رکن اسمبلی آئین کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اسپیکر کو حق ہے کہ وہ اس ممبر کو معطل کریں اور اس کے خلاف مناسب کارروائی کریں۔

اویسی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ راجہ سنگھ کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ شہر میں دوسرے دن بھی احتجاج جاری ہے۔ سٹی پولیس نے بدھ کے روز پرانے شہر کے کچھ حصوں میں تمام پٹرول پمپس کو بند کردیا کیونکہ گوشہ محل سے بی جے پی کے اب معطل ایم ایل اے راجہ سنگھ کے خلاف ان کے مبینہ متنازعہ ریمارکس کے خلاف احتجاج جاری ہے۔