Moulana Jafar Pasha on Raja Singh remarks on Prophet Muhammad
تلنگانہ

شان رسالت ﷺ میں گستاخی ناقابل قبول: مولانا جعفر پاشاہ

حیدرآباد: امیر امارات ملت اسلامیہ تلنگانہ و آندھراپردیش مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے شان رسالت ﷺ میں گستاخی کی سخت مذمت کرتےہوئے کہا کہ بی جے پی کے وفاداروں کی جانب سے آئے دن شان رسالت ﷺ میں گستاخی کی جاتی ہے جو قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن شان رسالت ﷺ میں گستاخی کو ہرگز برداشت نہیں کرسکتا۔ صاحب ایمان کسی صورت میں شان رسالت ﷺ میں گستاخی کو قبول نہیں کرتا۔
انہوں نے تلنگانہ حکومت بالخصوص وزیر اعلی اور کے ٹی آر سے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کو سخت سے سخت سزا دی جائے اور مسلمانوں سے امن وامان کی اپیل ہے۔

مولانا نے تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد کے مسلمانوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس ضمن میں پر امن طریقے اور جمہوریت کے دائرہ میں رہ کر احتجاج کریں اور اس ملعون کے خلاف ہر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائیں۔

واضح رہے کہ حیدرآباد میں بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے پیغمبر اسلامﷺ کے خلاف توہین آمیز تبصرہ پر مسلمانوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر پولیس آفس سمیت شہر کے کئی علاقوں میں بڑے پیمانہ پر احتجاجی مظاہرے کیے۔ مظاہرین نے راجہ سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ناراضگی کا اظہار کیا۔ جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرکے کورٹ میں پیش کیا گیا اور اس کے بعد 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔