آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی
قومی خبریں

مسلمانوں سے نفرت بی جے پی کا شیوہ: اسدالدین اویسی کا ردعمل

مجلس اتحادالمسلین کے صدر و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے شان رسالت ﷺ میں گستاخی پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اس کی شدید مذمت کرتا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں سے نفرت بی جے پی کا شیوہ ہے اور حیدرآباد میں امن وامان بگاڑنا چاہتی ہے‘۔

اویسی نے مزید کہا کہ بی جے پی ہندوستان کے سماجی تانے بانے کو ختم کردینے کا خواب دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘تلنگانہ میں امن وامان ہے، بی جے پی یہاں کا ماحول خراب کرنا چاہتی ہے، بی جے پی مسلمانوں کے ساتھ ظلم کر رہی ہے، بی جے پی کا کام ماحول کو خراب کرنا ہی ہے’۔

وہیں دوسری جانب بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ اور اتر پردیش کی سابق وزیر اعلی مایاوتی نے تلنگانہ کے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے پیغمبر اسلامﷺ کے خلاف گستاخی پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔ انہوں نے راجہ سنگھ کے بیان کو انتہائی قابل مذمت قرار دیا ہے۔

بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے ٹویٹ کیا کہ بی جے پی سے معطل کر دی گئی نوپور شرما کے پیغمبر اسلامﷺ کے خلاف متنازعہ ریمارکس پر ملک بھر میں گرم ماحول ابھی پوری طرح ٹھنڈا بھی نہیں ہوا ہے کہ اسی دوران ایک اور بی جے پی لیڈر نے بھی ایسا ہی تبصرہ کیا ہے جو کہ انتہائی شرمناک اور انتہائی قابل مذمت ہے۔