BJP councilor arrested in Hyderabad
تلنگانہ

حیدرآباد: بی جے پی کونسلر گرفتار

بی جے پی کونسلر لڈو یادو وہ شخص ہے جس نے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کو سرے عام ملک کا غدار کہا تھا۔ جس کے بعد حیدرآباد کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی تھی، تلنگانہ حکومت سے سخت کاروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

حیدرآباد پولیس نے بی جے پی کونسلر لڈو یادو کو گرفتار کرلیا۔ حیدرآباد کے شہریوں کی ایک دیرینہ خواہش آج پوری ہوگئی۔ متعدد مرتبہ مبینہ طور پر قانون کی دھجیاں اڑانے والے بی جے پی کونسلر نے تمام حدود پار کردیے تھے۔

اطلاعات کے مطابق پولیس کی اجازت کے بغیر لڈو یادو نے بیگم بازار علاقہ کی مصروف ترین سڑک پر ایک جلسہ منعقد کیا تھا اسی دوران رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسدالدین اویسی گاڑی میں وہاں سے گذر رہے تھے، تبھی لڈو یادو نے نام لیے بغیر اسدالدین اویسی سے متعلق مائیک پر نازبیا باتیں کرنے لگا اور نازیبا الفاظ استعمال کئے، جس کا ایک ویڈیو وائرل ہوگیا۔

لڈو یادو نے اسدالدین اویسی کو ملک کا غدار کہا اور بے تکی باتیں کی ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد نہ صرف حیدرآباد بلکہ سارے تلنگانہ کے مسلمانوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔ مسلمانوں نے حکومت سے سوال کیا کہ ’ایک باوقار رکن پارلیمنٹ کو اس طرح سرے عام ملک کا غدار قرار دینے کے باوجود کونسلر کے خلاف کاروائی کیوں نہیں کی جارہی ہے۔ ایسا کرنا کہاں کی دیش بھکتی ہے؟ لوگوں نے حکومت سے لڈو یادو و دیگر بی جے پی رہنماؤں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

لڈو یادو نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر متنازع ویڈیو کو نہ صرف شیئر کیا بلکہ دوسروں سے بھی اسے زیادہ سے زیادہ شیئر کرنے کی اپیل کی تھی۔ اس کا ٹوئٹر ہینڈل نفرت آمیز ٹویٹس سے بھرا پڑا ہے جبکہ وہ خود کو دیش بھکت قرار دیتا ہے لیکن اس طرح کی حرکت ملک دشمنی کا کھلا ثبوت ہے۔

پولیس نے بغیر اجازت جلسہ منعقد کرنے کے الزام میں لڈو یادو کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ آج صبح لڈو یادو کو گرفتار کیا گیا۔ لڈو یادو خود کو رکن اسبملی راجہ سنگھ کا قریبی کہتا ہے۔