رامائن مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ
قابلِ فخر مسلم نوجوان

کیرالہ: دو مسلم طلبہ کی رامائن مقابلے میں کامیابی

کیرالہ سے تعلق رکھنے والے دو مسلم طلباء باسط اور جابر نے معروف پبلشر کمپنی ڈی سی بوکس کی جانب سے منعقد کردہ
آن لائن رامائن مقابلہ میں کامیابی حاصل کر کے سب کو حیران کردیا ہے۔ عظیم مہاکاوی کے گہرائی سے علم نے باسط اور جابر کو مقابلہ میں کامیابی حاصل کرنے میں مدد کی ہے۔

دونوں شمالی کیرالہ ضلع کے ویلانچیری میں کے کے ایس ایم اسلامک اینڈ آرٹس کالج کے طالب علم ہیں۔ طلباء نے کہا کہ وہ بچپن سے ہی اس مہاکاوی کے بارے میں جانتے ہیں۔ انہوں نے وافی کورس میں شامل ہونے کے بعد رامائن اور ہندو مت کے بارے میں دلچسپی سے پڑھنا اور سیکھنا شروع کیا تھا، جس کے نصاب میں تمام بڑے مذاہب کی تعلیمات شامل ہیں۔

جابر نے کہا کہ ‘تمام ہندوستانی افراد کو مہاکاوی رامائن اور مہابھارت کو پڑھنا اور سیکھنا چاہیے کیونکہ یہ ملک کی ثقافت، روایت اور تاریخ کا حصہ ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ ان کے عقائد کو سیکھنا اور سمجھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ رام کو اپنے قابل احترام والد دشرتھ سے کیے گئے وعدے کو پورا کرنے کے لیے اپنی بادشاہی بھی قربان کرنی پڑی تھی۔ اقتدار کے لیے لامتناہی جدوجہد کے دور میں رہتے ہوئے ہمیں رام جیسے کرداروں اور رامائن جیسی مہاکاوی کے پیغام سے تحریک حاصل کرنی چاہیے۔

باسط نے کہا کہ وسیع پیمانے پر پڑھنے سے دوسرے مذاہب اور ان طبقات کے لوگوں کو مزید سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب نفرت کو فروغ نہیں دیتا بلکہ صرف امن اور ہم آہنگی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقابلےمیں کامیابی سے انہیں مہاکاوی کو مزید گہرائی سے سیکھنے کی ترغیب ملی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں مسلم طلبہ کی رامائن مقابلے میں یہ پہلی کامیابی نہیں ہے بلکہ اس سے پہلے ممبئی کی ایک لڑکی نے بھی رامائن مقابلے میں فرسٹ پوزیشن حاصل کی تھی۔