کرناٹک میں قتل کی تین واردات
قومی خبریں

کرناٹک: قتل کی تین واردات، فرقہ وارانہ کشیدگی

بنگلورو: حجاب کے بحران، مسلم تاجروں کے بائیکاٹ کی کال اور بجرنگ دل کارکن کے قتل کے بعد، ساحلی ضلع جنوبی کنڑ میں تین نوجوانوں کے قتل سے فرقہ وارانہ کشیدگی پھیل گئی ہے۔

قتل کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب 18 سالہ بی مسعود پر 20 جولائی کو سلیا تعلقہ کے کلنجا گاؤں میں روڈ ریج کیس میں 8 افراد نے حملہ کیا، وہ 21 جولائی کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ تمام آٹھ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

26 جولائی کو موٹر سائیکل پر سوار بدمعاشوں نے بی جے پی کارکن 31 سالہ پروین کمار نیتارے پر بیلاری شہر میں اس کی دکان کے سامنے حملہ کیا اور اسے مار ڈالا۔ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے 20 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

شرپسندوں کے ایک گروہ نے سورتھکل قصبے میں ایک کپڑے کی دکان کے سامنے 23 سالہ فاضل نامی نوجوان کو ہلاک کردیا۔ قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہوئی۔ذرائع کے مطابق تینوں قتل انتقامی کارروائی کا نتیجہ ہیں۔

پروین کے قتل کے بعد چیف منسٹر بسواراج بومائی نے دفتر میں اپنی ایک سالہ میعاد کا جشن منسوخ کر دیا تھا۔ انہوں نے پروین کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور حکومت کی طرف سے معاوضے کے طور پر 25 لاکھ روپے کا چیک جاری کیا۔ پارٹی نے الگ سے 25 لاکھ روپے دیئے تھے۔

پروین کے خاندان سے 5 کلو میٹر دور رہنے والے مسعود کے خاندان سے بومئی کی ملاقات نہ کرنے پر اعتراض کیا گیا۔ مسعود کے اہل خانہ کو آج تک کوئی معاوضہ نہیں ملا اور اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ضلعی حکام نے میڈیکل بلوں کی ادائیگی کا وعدہ کیا تھا۔

سابق وزیر اور کانگریس ایم ایل اے یو ٹی کھدر نے کہا کہ انہیں حکمراں بی جے پی حکومت پر کوئی بھروسہ نہیں ہے۔ "حکومت کو غیرجانبدارانہ طریقے سے کام کرنا چاہیے اور انصاف کو برقرار رکھنا چاہیے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ منگلورو خطے میں امن قائم کرنا ہوگا۔

سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کے ضلعی صدر ابوبکر کولائی نے آر ایس ایس اور بی جے پی کو قتل کے لیے مورد الزام ٹھہرایا، فاضل کے قتل پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے، کولائی نے کہا کہ "آر ایس ایس سے وابستہ سرپسندوں کے ذریعہ ایک بے گناہ کو مارا گیا ہے۔ بی جے پی حکومت لاشوں پر حکومت کر رہی ہے’۔

انہوں نے مزید الزام لگایا کہ قتل کے پیچھے سیاسی قوتیں ہیں۔ جنوبی کنڑ ضلع میں تین قتل ہوئے، مسعود کے قتل پر کسی نے آواز نہیں اٹھائی۔ کولائی نے بتایا کہ سی ایم بومئی نے صرف پروین کے خاندان سے ملاقات کی اور مسعود کے خاندان سے ملنے کی زحمت نہیں کی۔

محکمہ پولیس نے مساجد کے ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان علاقوں میں نماز گھروں میں ہی ادا کریں جہاں امتناعی احکامات نافذ ہیں، تاکہ امن و امان میں کسی قسم کی خلل نہ پڑے۔

منگلورو کے پولس کمشنر این ششی کمار نے کہا ہے کہ فاضل کے قتل کا مقصد ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور امن کو خراب کرنے کی کوئی کوشش نہ کی جائے۔