دہلی: مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکن پارلیمان اسد الدین اویسی نے اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت مسلم اور غیر مسلم کے ساتھ الگ الگ رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں جس کی تازہ مثال کانوڑیوں پر پھول اور مسلمانوں کے گھروں پر بلڈوزر چلانا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے کہا کہ ‘بی جے پی حکومت عوامی پیسے کا استعمال کرتے ہوئے کانوڑ یاتریوں پر پھول برسا رہی ہے، جبکہ مسملانوں کے گھروں کو گرایا جارہا ہے، نماز پڑھنے پر مدرسے کو گرادیا گیا، ہم چاہتے ہیں کہ وہ سب کے ساتھ یکساں سلوک کرے۔
واضح رہے کہ پیر کو اتر پردیش کے اعلیٰ عہدیداروں نے ہیلی کاپٹر سے کانوڑ یاتریوں پر گلاب کی پتیاں برسائی تھی۔ میرٹھ کے آئی جی رینج پروین کمار اور ڈی ایم دیپک مینا نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پھول برسائے تھے۔ اس اقدام کو زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد تنقیدوں کی قطار لگ گئی۔
کانوڑ یاتریوں پر گلاب کے پھول کی پتیاں برسانے کا رواج وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دور حکومت میں پانچویں سال میں داخل ہو گیا۔ سنہ 2017 میں پہلی بار اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ نے 2018 میں افسران کو ہیلی کاپٹر سے کانوڑ یاتریوں پر پھول برسانے کا حکم دیا تھا۔ ان کے حکم کی تعمیل ریاست کے اعلیٰ بیوروکریٹس نے من و عن عمل کیا تھا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اترپردیش میں عوامی مقامات پر نماز پڑھنے پر مقدمات درج کیے گئے ہیں اور انہیں گرفتار کیا گیا۔