امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم نے پورے بہار ، اڈیشہ وجھارکھنڈ او رمغربی بنگال میں تعلیمی بیداری اور ملت کے بچوں کو اس میدان میں آگے بڑھانے کا جو فیصلہ لیا تھا، وہ اب تیزی سے برگ وبار لانے لگا ہے، ساٹھ سے زائد خود کفیل مکاتب اب تک کھل چکے ہیں، ترانوے مکاتب پہلے سے کام کر رہے تھے۔
حضرت امیر شریعت نے آئندہ پانچ سالوں میں ہر صوبہ میں بڑی تعداد میں مکاتب کے قیام پر زور دیا ہے، وفاق المدارس اور اسکولوں کے نصاب تعلیم پر بھی کام ہو رہا ہے، نصابی کمیٹی کی ایک میٹنگ بھی ہو چکی ہے، امارت شرعیہ کے چار اسکول پہلے سے کام کر رہے تھے، حضرت نے چند مہینوں کے اندر ہی کٹیہار، پورنیہ ، کٹک اور گڈا میں نئے امارت پبلک اسکول کے قیام کی منظوری دی اور گڈا کے علاوہ سبھی جگہ کے افتتاحی پروگرام میں بہ نفس نفیس تشریف لے گئے اور اسلامی ماحول میں بنیادی دینی تعلیم کے ساتھ معیاری عصری تعلیم کے لیے اسے ماڈل اور معیاری بنانے پر زور دیا۔
پسکا نگری رانچی میں ایک امارت پبلک اسکول پہلے سے چل رہا تھا ، اربا میں امیر شریعت سابع حضرت مولانا محمد ولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ نے انٹر نیشنل اسکول کی بنیاد ڈالی تھی، وہاں بھی تعلیم کا کام شروع ہوا، رانچی کے ہند پیڑھی میں تعلیمی نظام شروع کرنے کا آپ نے حکم دیا اور اس کے معائنہ کے لیے خود تشریف لے گیے۔وہاں بھی جلد ہی تعلیمی سلسلہ شروع ہوجائے گا۔
ایک بڑا کام جو حضرت امیر شریعت دامت برکاتہم کے حکم سے پھلواری شریف میں کیا گیا وہ جونیر اسکولی بچوں کے لیے کوچنگ کا تھا، جسے کریش کورس کا نام دیا گیا تھا،تین ماہ کی محنت سے اس کوچنگ کے بچے صد فی صد میٹرک میں کامیاب قرار پائے اور ان میں سے بائیس بچوں نے رحمانی ۳۰ کے تحت داخلہ امتحان میں کامیابی حاصل کرکے ایک تاریخ بنائی، جوطلبہ وطالبات ان تین ماہ میں پنچانوے فی صد سے زائد حاضر رہے ان کی فیس کی رقم ۲؍ جولائی ۲۲ ء کو ایک تقریب میں لوٹا دی گئی، تاکہ دوسرے طلبہ وطالبات بھی اس سے حوصلہ پا کر صد فی صد حاضری کو یقینی بنا سکیں۔
اس پورے پروگرام کو کامیابی سے ہم کنار کرنے میں رحمانی ۳۰ کے ڈائرکٹر انجینئر فہد رحمانی کی مسلسل اور مر بوط خدمت کا بڑا عمل دخل رہا۔اس کامیابی کا سہرا در اصل انہیں کے سر ہے، انہوں نے اس ہدف کو پانے کے لیے اساتذہ اور منتظمین کو اس طرح جوڑ کر رکھا کہ انہوں نے جہد مسلسل اور عمل پیہم کرکے اس ہدف کو پالیا۔
اس موقع سے منعقد تقریب میں اہل علم ، اسکول کے ذمہ داران اور سیاسی حضرات کی بھی شرکت ہوئی، محکمہ اقلیتی فلاح کے وزیر جناب زماں خان، ایم ال سی، غلام غوث ، ایم ایل اے اختر الاسلام شاہین، شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیر مین ارشاد علی آزاد ، بہار مدرسہ بورڈ کے سابق چیر مین مولانا اعجاز احمد ، ہولی ویزن پبلک اسکول سمن پورہ کے ڈائرکٹر محمد صابر، بے بی لینڈ کے ڈائرکٹر شمیم اقبال وغیرہ نے شرکت کی اور تعلیمی میدان میں امارت شرعیہ کی جد وجہد کو سراہا، اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
حضرت امیر شریعت اور نائب امیر شریعت نے جو قیمتی پیغامات دیے اس میں فرمایا کہ تعلیم کے بغیر صحت مند اور ترقی یافتہ معاشرہ کی تشکیل نہیں ہو سکتی ، حضرت امیر شریعت کا یہ فرمانا بہت با معنی ہے کہ کامیابی ایک عادت ہے جسے لگانی پڑتی ہے، انہوں نے طلبہ وطالبات کو نصیحت کی کہ یہ دور مقابلہ کا ہے جو اس سے پیچھے رہ گیا وہ اعلیٰ مقام کے حصول کے دور میں بچھڑ جائے گا۔
امارت شرعیہ کی تعلیمی مہم نے اب ایک تحریک کی شکل اختیار کر لی ہے، کام اور مسلسل کام امارت شرعیہ کا منصوبہ ہے اور اس کو کامیاب کرنے کے لیے امارت شرعیہ کے خدام ہمہ وقت مصروف عمل ہیں۔