نئی دہلی۔ (پریس ریلیز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کے قومی جنرل سکریٹری الیاس تھمبے نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں زور دیکر کہا کہ دہلی برانچ کے بینک حکام نے مطلع کیا کہ بینک کے اعلی حکام کی ہدایت کے مطابق پارٹی کا بینک اکاؤنٹ بلاک کردیا گیا ہے۔
حیرت کی بات ہے کہ ہمیں بینک کے ذریعے معلوم ہوا کہ اکاوئنٹ تفتیشی ایجنسیوں کی ہدایت کے مطابق بلاک کردیا گیا ہے کیونکہ ہماری پارٹی کے کار ڈرائیور کو بینک اکاوئنٹ کے ذریعے تنخواہ کی ادائیگی کی گئی تھی جو ایک فوجداری مقدمے میں ملزم ہے۔ تاہم، ابھی تک ہمیں کسی سرکاری ایجنسی سے کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
الیاس تھمبے نے کہا ہے کہ یہ حکام کا بالکل غلط اقدام ہے جو بینکنگ کے قوانین، اخلاقیات، نظم و ضبط اور قدرتی انصاف کی کھلی خلاف ورزی ہے، اگر کسی شخص کو تنخواہ یا لین دین کیلئے ادائیگی کی گئی ہو تو بینک حکام یا تفتیشی ایجنسیوں کے ذریعے ادائیگی کرنے والے کا بینک اکاؤنٹ کیسے بلاک یا منسلک کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آجر اور ملازم ایک متعین رشتہ ہے اور اگر کسی ملازم نے ملازمت کے رشتے سے باہر کوئی غیر قانونی کام کیا ہے تو اس عمل کیلئے کسی بھی طرح سے آجر کو جوابدہ نہیں ٹھہرایا جاسکتا ہے۔ اگر ادائیگی وصول کرنے والے کے جرم یا الزام کیلئے ادائیگی کرنے والا ہی ذمہ دار ہے تو، اس بگڑے ہوئے اصول کا اطلاق ملک کے ہر بینک اکاؤنٹ ہولڈر پر ہونا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی جرم یا جرم میں ملوث شخص کے اکاؤنٹ کو بلاک کرنے میں ایک منطق ہے۔ اس کے بجائے ایجنسیو ں نے حکومت کی دھن پر کٹھ پتلی کا کردار ادا کیا ہے اور ہمارا اکاؤنٹ بلاک کردیا۔
ایس ڈی پی آئی ایجنسی کو ان کے انتقام اور ظلم کے جرم کیلئے عدالت میں گھسیٹے گی۔
الیاس تھمبے نے کہا کہ دہلی برانچ کے بینک اکاؤنٹ کو بلاک کرنا ہمیں ہماری جدوجہد سے روکنے کیلئے حکام کا غیر قانونی اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مایوسی کے ساتھ ملک میں منووادی اور فاشسٹ طاقتوں کے خلاف اپنی غیر متزلزل جدوجہد کیلئے ایس ڈی پی آئی کو نشانہ بنانے کیلئے ایجنسیوں کا استعمال کررہی ہے۔ ایس ڈی پی آئی بینک حکام اور ایجنسیوں کے دھوکہ دہی کی حرکت کے خلاف قانونی طور پر سختی اور گرفت کے ساتھ لڑے گی۔
انہوں نے کہا، امید ہے کہ ایس ڈی پی آئی انصاف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی اور گھناؤنے عزائم کو شکست دے گی.