سعودی عرب کے شہر جدہ میں خلیج تعاون کونسل کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک اردن، مصر، عراق اور امریکہ کے سربراہان نے شرکت کی۔
اس موقع پر اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں نے ایک خوشحال اور پرامن خطہ کے لیے اپنے مشترکہ وژن کی تصدیق کی۔ تقریب کے بعد ایک مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے تمام سفارتی کوششوں کی حمایت کرنے پر اتفاق کیا۔
جدہ میں منعقدہ ’سلامتی اور ترقی سربراہ اجلاس‘ میں شریک رہنماؤں نے مشرقِ وسطی کے خطے کی سلامتی اور استحکام کی ضمانت دینے کے عزم کو دہرایا ہے اور ان تمام سفارتی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا ہےجن کا مقصد علاقائی کشیدگی کو کم کرنا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور ان کی موجودگی مشرق وسطیٰ کے لیے ان کی حکمت عملی اور خطے کے ساتھ امریکی تعلقات کی مضبوطی کو ظاہر کرتی ہے۔ صدر بائیڈن نے مشرق وسطیٰ میں منصفانہ، دیرپا اور جامع امن کے حصول کے لیے امریکی عزم کا اعادہ بھی کیا۔
سعودی عرب کی میزبانی میں ساحلی شہر میں امریکی صدر جوبائیڈن کے ساتھ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) اور تین عرب ممالک کے رہنماؤں کے اجلاس کے بعد ایک مشترکہ بیان میں جاری کیا گیا ہے۔ رہنماؤں نے امریکہ کے ساتھ تاریخی شراکت داری پر تفصیلات بیان کی اور تمام شعبوں میں تعاون کو مستحکم کرنے کے لیے آگے بڑھنے کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔
مشترکہ بیان میں مشرق وسطی کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے، ایک دوسرے کا تعاون کرنے، مل کر ترقی کرنے، بیرونی خطرات سے مل کر نمٹنے، اچھے پڑوسیوں کے طور پر رہنے، ایک دوسرے کا احترام کرنے، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ضابطوں پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت کے لیے تمام ضروری اقدامات اپنائے جانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں شریک رہنماؤں نے خطے میں ڈرونز، میزائلوں اور دہشت گرد ملیشیاؤں اور مسلح گروہوں کے اسلحہ سے پیدا ہونے والے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے، باہمی تعاون بڑھانے اور ہم آہنگی پیدا کرنے کی خواہش کا بھی اعادہ کیا ہے۔