kashmiri Pundit Welcome Hajj Pilgrims
جموں و کشمیر

سری نگر: 145 حجاج کرام پر مشتمل پہلے قافلے کی آمد

جموں و کشمیر کے حجاج کرام کا پہلا قافلہ سعودی عرب سے حج بیت اللہ کی تکمیل کے بعد آج سرینگر واپس لوٹ آیا۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کا واپسی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ جموں وکشمیر سے 145 حجاج کرام کا پہلا قافلہ ہفتے کی صبح سرینگر پہنچ گیا۔ جہاں سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

سری نگر ہوائی اڈے پر حجاج کے پہلے قافلہ کی واپسی کے موقع پر جموں و کشمیر حج کمیٹی ڈاکٹر عبدالسلام میر کے علاوہ دیگر اعلی افسران نے حجاج کرام کا والہانہ استقبال کیا، جو پہلے قافلے میں صبح سات بجکر 50 منٹ پر یہاں پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ ہوائی پر اس سلسلہ میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ حجاج کرام کو امیگریشن کلیئرنس میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس سال کم از کم 80,000 بھارتی حاجی جن میں 7000 حجاج کا تعلق جموں و کشمیر سے ہیں حج کی سعادت حاصل کی۔

حجاج کرام کے استقبال کے لیے سرینگر ایئرپورٹ پر کشمیری بھائی چارے کی مثال دیکھنے کو ملی۔ جہاں حجاج کرام کے استقبال میں کشمیری پنڈت، سکھ اور عیسائیوں کے ایک گروپ کی جانب سے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔

کشمیری پنڈت کے مطابق ہم یہ پیغام دنیا بھر میں پہنچانا چاہتے ہیں کہ کشمیر میں سب بھائی چارے سے رہ رہے ہیں کشمیری مسلم بھائی امرناتھ یاترا کے لیے ہندو بھائیوں کا استقبال کرتے ہیں اور ہندو بھائی بھی ان کے عظیم فریضہ کی انجام دہی کے بعد ویسے ہی استقبال کرتے ہیں۔

حجاج کرام کو درپیش مسائل سے آگاہ ہونے اور ان کی رائے حاصل کرنے کےلیے چیئرمین حج کارپوریشن آف انڈیا اے پی عبدل کٹے اور رکن ایچ سی او آئی ایر اعزاز حسین 4 جولائی سے سعودی عرب میں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ جموں و کشمیر پر مشتمل حجاج کا آخری قافلہ یکم اگست کو سرینگر ایئرپورٹ پہنچے گا۔

واضح رہے کہ عازمین حج کی پہلی پرواز 5 جون سے سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے سے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔عازمین حج کی روانگی کی آخری پرواز 21 جون کو روانہ ہوئی تھی۔ 5 جون سے 21 جون تک 40پروازوں کے ذریعے عازمیں روانہ ہوئے تھے جب کہ 282(بیاسی) عازمین دہلی ہوائی اڈے سے روانہ ہوئے۔ اس سال دنیا بھر سے 10 لاکھ مسلمانوں نے حج کی سعادت حاصل کی ہے۔