'ایس ڈی پی آئی کے لیڈروں کے خلاف ایف آئی آر پارٹی کو بدنام کرنے کی سازش کا حصہ ہے'
قومی خبریں

‘ایس ڈی پی آئی کے لیڈروں کے خلاف ایف آئی آر پارٹی کو بدنام کرنے کی سازش کا حصہ ہے’

بہار کے پھلواری شریف میں مبینہ طور پر سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے دو افراد کو ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

نئی دہلی۔ (پریس ریلیز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کے مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس ڈی پی آئی کے قومی نائب صدر اڈوکیٹ شرف الدین احمد اور قومی جنرل سکریٹری الیاس محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹنہ کے پھلواری شریف میں ایس ڈی پی آئی کے لیڈروں کے خلاف ایف آئی آر پارٹی کو بدنام کرنے اور پارٹی کو مین اسٹریم سے الگ تھلگ کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔

ایس ڈی پی آئی پٹنہ، بہار کی پولیس کی ان سازشوں کی مذمت کرتی ہے جس میں ہماری پارٹی کے قومی سکریٹری اور ضلعی لیڈورں کو ایف آئی آر میں جھوٹے اور گھٹیا مقدمات میں پھنسایا گیا ہے۔ پولیس نے ہمارے ضلعی سکریٹری اطہر شریف کو پھلواری شریف پٹنہ میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا اور انہیں تین تک اسٹیشن میں نظر بند رکھا اور پولیس نے اطہر شریف کو دو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی سازش رچی۔

پولیس نے ان پر جھوٹے الزامات لگائے اور ایف آر درج کی اور ایس ڈی پی آئی کے قومی سکریٹری محمد ریاض اور پٹنہ ضلع کے دیگر ایس ڈی پی آئی لیڈروں کا نام بھی شامل کیا۔ پولیس کی جانب سے لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور بالکل جھوٹے ہیں۔

سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا پولیس کی ملی بھگت اور غدارانہ کارروائی کی مذمت کرتی ہے۔ یہ پارٹی کو بدنام کرنے اور پارٹی کو قومی دھارے سے الگ کرنے کی سازش کا حصہ ہے۔

ایس ڈی پی آئی اس سازش کے خلاف قانونی طور پر لڑے گی اور ثابت کرے گی کہ کس طرح پارٹی کو بدنام کرنے کی سازش رچی گئی ہے۔ ایس ڈی پی آئی سماجی ناانصافی اور عدم مساوات کے خلاف جدوجہد کرنے کیلئے پر عزم ہے اور ہمارے ملک کی آئینی اقدار کو مضبوط کرنے کیلئے خود کو وقف کردیا ہے۔

ایس ڈی پی آئی کے خلاف کوئی بھی سازش اور بددیانتی ایس ڈی پی آئی کو ظالم اور دیگر بدعنوان لوگوں کے خلاف جدوجہد سے روکنے میں کامیاب نہیں ہوگی۔