امرناتھ گپھا میں بادل پھٹنے سے متعدد یاتری ہلاک، بچاؤ کام جاری
جموں و کشمیر

امرناتھ گپھا میں بادل پھٹنے سے متعدد یاتری ہلاک، بچاؤ کام جاری

پہلگام: جنوبی کشمیر کی پہاڑیوں میں واقع امرناتھ گپھا کے نزدیک بادل پھٹنے کے ایک واقعے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ اس سیلابی صورت حال میں متعدد افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔

خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ بادل پھٹنے کا یہ واقعہ شام کے قریب پانچ بجے پیش آیا جس کے بعد کئی ڈھلانوں سے پانی تیز بہاؤ کے ساتھ نیچے آیا اور سیلاب کی شکل اختیار کرگیا جس میں درجنوں افراد بہہ گئے۔

غار سے تقریباً دوکلومیٹر نیچے ایک مقام پر جہاں یاتریوں کے لیے بڑی تعداد میں ٹینٹ لگے ہوئے تھے اور کئی مفت لنگر کام کررہے تھے، وہاں اچانک پانی کا ریلہ آیا، جس میں متعدد لوگ بہہ گئے۔

ابھی بھی درجنوں افراد لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ مختلف بچاؤ ٹیمیں این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، پولیس، سی آر پی ایف اور فوج راحت اور بچاؤ کارروائی میں مصروف ہیں۔ ہیلی کاپٹر سروس کو استعمال میں لاکر زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جا رہا ہے۔