حقائق کی جانچ پڑتال کرنے والی ویب سائٹ آلٹ نیوز کے شریک محمد زبیر کی گرفتاری پر نہ صرف ملک میں مختلف سیاسی رہنماؤں نے رد عمل کا اظہار کیا بلکہ عالمی سطح پر بھی محمد زبیر کی گرفتاری کی مذمت کی جارہی ہے اور اس گرفتاری کو اظہار رائے کی آزادی کو کچلنے کے مترادف سمجھا جارہا ہے۔
نئی دہلی۔ (پریس ریلیز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کے قومی صدر ایم کے فیضی نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کی گرفتاری کی سخت مذمت کی ہے۔
آلٹ نیوز کے محمد زبیر جو فاشسٹوں کے جھوٹ کو بے نقاب کرتے آرہے ہیں انہیں مینبہ طور پر 2018 میں مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور دشمنی کو فروغ دینے کے الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے۔
بی جے پی کی ترجمان نپور شرما جس نے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچا کر بین الاقوامی برادری کے سامنے ملک کو رسوا کیا تھا وہ ابھی تک گھر میں محفوظ ہیں۔ ہندوتوا فاشسٹ اختلاف اور احتجاج کی آوازوں کو دبا کر ملک کو گونگے قبرستان میں تبدیل کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ لیکن وہ ان کا محض وہم ہی رہ جائے گا۔
واضح رہے کہ حقائق کی جانچ پڑتال کرنے والی ویب سائٹ آلٹ نیوز کے شریک محمد زبیر کو گذشتہ روز دہلی پولیس کی جانب سے مذہبی جذبات کو بھڑکانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ جس پر مختلف سیاسی رہنماؤں نے رد عمل کا اظہار کیا۔
کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی، سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو، اور کانگریس کے رہنما ششی تھرور اور جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلی عمر عبد اللہ، محبوبہ مفتی نے زبیر کی حمایت کی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومت کو ان کی ‘متعصبیت’ پر تنقید کا نشانہ بنایا اور محمد زبیر کی گرفتاری کی سخت مذمت کی ہے۔