ریاست تلنگانہ کے دار الحکومت حیدرآباد سے حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ عازمین حج کے چار قافلے روانہ ہوچکے ہیں حیدرآباد میں حج ہاوز سے لیکر ایئر پورٹ تک عازمین حج کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی گئی تاہم سعودی عرب پہنچنے کے بعد تلنگانہ کے عازمین حج کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
سعودی عرب پہنچنے والے عازمین حج جنہیں مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز پوسٹ کی ہیں جن میں انہیں پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ایک ضعیف عازم حج نے اپنی مشکلات بتاتے ہوئے ویڈیو میں کہا کہ ہمیں طبی امداد کے لئے گھنٹوں لائن میں کھڑے ہونا پڑرہا ہے ضعیف عازمین جج اس تکلیف کو برداشت کرنے سے قاصر ہیں۔
اس دوران دوسرے کئی عازمین حج نے شکایت کی ہے کہ انہیں ہوٹل رومز میں بنیادی سہولیات حاصل نہیں ہیں جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ان کی عبادتوں میں خلل پیدا ہورہا ہے۔
مشکلات اور تکالیف کا سامنا کرنے والے عازمین حج نے حج کمیٹی آف انڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی جانب توجہ دیں اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں۔
اس ضمن میں کانگریس رہنما عثمان الہاجری نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حج کمیٹی کے ذریعہ بھیجے گئے عازمین حج کی مختلف شکایات موصول ہورہی ہیں جس میں وہ اپنی تکالیف کا اظہار کررہے ہیں۔
کانگریس رہنما عثمان الہاجری نے حج کمیٹی آف انڈیا سے مطالبہ کیا کہ تلنگانہ کے عازمین حج کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائے تاکہ ان کو حج ادا کرنے میں آسانی اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔