Preparations for Amarnath Yatra
جموں و کشمیر

امرناتھ یاترا کی تیاریاں زور و شور سے جاری

امرناتھ یاترا جو پچھلے دو سال سے کورونا وبائی مرض کی وجہ سے نہیں ہو سکی تھی۔امسال وبا میں کافی حد تک کمی آنے کے ساتھ ہی 30 جون سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کےلئے ضلع انتظامیہ گاندربل نے بالتل بیس کیمپ میں تمام انتظامات تقریبا مکمل کر لیے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر گاندربل شامبیر سنگھ نے کہا ہے کہ بالتل بیس کیمپ پر کام تقریبا مکمل ہو چکا ہے اور آئندہ دنوں میں دیگر محکموں کی جانب سے کام بھی مکمل ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ لوگ بھی بے صبری سے اس یاترا کا انتظار کررہے ہیں۔ہمیں امید ہے کہ یاترا ریکارڈ توڑ ہوگی اور بہت اچھے طریقے سے ہوگی۔

اس دوران بالتل بیس کیمپ میں تمام محکموں سے وابستہ افسران کی زیر نگرانی ملازمین اور دیگر مزدوروں کی طرف سے کام شدومد سے جاری ہے۔اور ان ملازمین کے مطابق یہ تمام کام آنے والے دنوں میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔

سرکار کی جانب سے پہلے ہی اعلان کیا گیا ہے کہ امسال آٹھ لاکھ کے قریب یاتریوں کے آنے کی توقع ہے، یاتریوں اور یاترا سے جڑے افراد کو اس کا بے صبری سے انتظار ہے، کیونکہ امرناتھ یاترا تقریبا تین سال بعد ہونے جارہی ہے۔

اس دوران کئی مزدوروں نے کہا ہے کہ وہ تقریبا دو سال سے یاترا نا ہونے کی وجہ سے بے کار بیٹھے تھے، اور اس بار امید ہے کہ ان کے دو سال کے نقصان کی بھر پائی ہوگی۔