کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی عرب میں اہم اسلامی رکن حج بیت اللہ دو سال تک موقوف رہا، ان دو سالوں میں انتہائی محدود تعداد میں حج بیت اللہ کی اجازت دی گئی تھی۔ اس سال دنیا بھر سے 10 لاکھ عازمین حج کو حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کی اجازت ہوگی۔
دنیا بھر سے عازمین حج کے قافلے مقدس شہر کی جانب روانہ ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ وادی کشمیر سے بھی آج ججاج کرام کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ روانہ ہوا۔ اس قافلے میں 145 حجاج کرام تھے جو سرینگر کے حج ہاؤس سے ایئرپورٹ کی طرف روانہ ہوئے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے دو برس کے لاک ڈاؤن کے بعد امسال لاکھوں عازمین حج کریں گے، وہیں جموں و کشمیر سے چھ ہزار کے قریب عازمین حج کے لیے روانہ ہوں گے۔ حج پر جانے والے عازمین نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو برس کے بعد مسلمان حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے جو پوری امت کے لیے اللہ کی طرف سے کرم ہے۔
جموں و کشمیر سے آج پہلا قافلہ روانہ ہوا جبکہ 20 جون تک یہ قافلے سرینگر سے مدینہ کی طرف روانہ ہوں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ‘انہوں نے گزشتہ ہفتوں سے عازمین کے لیے حج ہاؤس میں تمام تیاریاں کی ہیں اور وہ انتہائی خوش ہیں کہ آج پہلا قافلہ صحیح سلامت روانہ ہوا۔
گزشتہ ہفتوں سے حکام نے حجاج کی ٹیکہ کاری اور دیگر لوازمات کے لیے حج ہاؤس سرینگر اور دیگر اضلاع میں انکے لیے انتظامات کیے گئے تھے۔