Film Shooting at Manasbal Lake
جموں و کشمیر

گارگی پروڈکشن کی مشہور مانسبل جھیل میں گانوں کی شوٹنگ

وادی کشمیر میں ایک مرتبہ پھر کورونا کی وبائی امراض کے بعد سیاحت کے شعبے میں رونق لوٹ آئی ہے، وہی اب کچھ پروڈکشن ہاوسز کشمیر میں شوٹنگ کے لئے آنا شروع ہوگئے ہیں۔جو کشمیر کے لوگوں کے لئے ایک خوش آئند قدم ہے۔ جبکہ اس سلسلے میں اب لوگوں کے چہروں پر مہمانوں کو دیکھ کر ایک مرتبہ پھر سے خوشی لوٹ آئی ہے۔

اس سلسلے میں گاندربل میں واقع وادی کشمیر کا مشہور جھیل مانسبل میں گارگی پروڈکشن نے کئی گانوں کی شوٹنگ شروع کی ہے، مقامی لوگوں کی ایک اچھی خاصی تعداد گانوں کی شوٹنگ کے دوران موجود رہی اور اس شوٹنگ سے لطف اندوز ہوئے۔

اس موقع پر گارگی پروڈکشن کی مالکہ گارگی دغل جو اصل میں پنجاب سے تعلق رکھتی ہیں اور اب امریکہ میں مقیم ہے نے کہا ہے کہ میں امریکہ میں اپنا میڈیا ہاوس چلا رہی ہوں، جسکے دوران آج تک میں نے کئی شارٹ فلموں کے علاوہ کئی طرح کے البم بنائے ہیں۔

گارگی نے کہا ہے کہ میں نے سوچا کہ میں اب ہندوستان میں اپنے پروڈکشن ہاوس کی شروعات کروں گی اور میں نے دو گانوں کی شوٹنگ کرنی تھی، جس کے لئے میں نے کشمیر کو چنا ہے کیونکہ کشمیر بہت خوبصورت ہے اور مانسبل اس لئے چنا کیونکہ یہاں لوگوں کا آنا جانا بہت کم ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں کچھ ہٹ کے کرنا چاہتی تھی۔

گارگی کا مزید کہنا ہے کہ دراصل کشمیر کی جو ٹوپوگرافی ہے وہ امریکہ کے کئی شہروں سے ملتی ہے، یہی وجہ ہے کہ میں نے کشمیر کا انتخاب کیا ہے، جبکہ اسکے علاوہ میں نے دو گانوں کی شوٹنگ جو یہاں کی ہے ان میں سے ایک گانا love song ہے جبکہ دوسرا گانا Sufi song تھا، جبکہ ان دونوں گانوں کا سنگم مجھے یہاں دیکھنے کو ملا اور یہاں کے لوگ واقعی میں مہمان نواز، ادب نواز اور خوبصورت ہیں، جسکی جتنی بھی تعریف کی جائے بہت کم ہے۔

اس دوران گارگی کے ساتھی آکاش تلوار نےکہا ہے کہ میں پنجاب کے امرتسر شہر سے تعلق رکھتا ہوں اور اب ممبئی میں رہتا ہوں، جبکہ میں کافی وقت کشمیر میں رہ چکا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اس وادی کشمیر کے بارے میں کہتے ہیں کہ کشمیر محفوظ نہیں ہے، لیکن میرا ماننا ہے کہ یہاں سب کچھ ٹھیک ہے اور کسی کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، بلکہ کشمیر ایک بار ضرور آنا چاہیے اور یہاں کے لوگوں اور یہاں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونا چاہئے۔

اس دوران مانسبل کے مقامی سرپنچ نے کہا ہے کہ ہم ان مہمانوں کو خوش آمدید کرتے ہیں، لیکن ہم ایل جی منوج سنہا سے گزارش کرتے ہیں کہ مانسبل کی جو خوبصورتی ہے وہ دن بہ دن ختم ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ جس طرح سے جھیل ڈل کی طرف سرکار دھیان دیتی ہے اسی طرح اس جھیل کی صفائی اور خوبصورتی کی طرف بھی توجہ دی جائے، تاکہ اس قومی اثاثے کو بروقت بچایا جا سکے۔۔