بلڈوز سیاست کے خلاف جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ
قومی خبریں

دہلی میں ایم سی ڈی کی بلڈوز سیاست کے خلاف جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ

بی جے پی حکمراں ریاستوں بالخصوص اترپردیش، مدھیہ پردیش اور دہلی میں غیر قانونی تعمیرات کے نام مسلمانوں کے گھروں اور دکانات کو منہدم کیا جارہا ہے۔

نئی دہلی ۔ ( پریس ریلیز) ۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) دہلی پردیش کے ریاستی صدر ڈاکٹر آئی اے خان کی قیادت میں ایم سی ڈی(;MCD) کی فرقہ وارانہ بلڈوزر سیاست کی مذمت میں جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

ایس ڈی پی آئی ریاستی عہدیداران نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں جاری انسداد تجاوزات مہم کوئی تجاوزات مخالف مہم نہیں ہے بلکہ یہ بلڈوزر راج کو فروغ دیکر غریبوں اور مزدوروں کے خلاف بی جے پی کی انسان دشمن کارروائی ہے۔ بی جے پی مسلم علاقوں میں غریب آبادی کو اجتماعی اور معاشی طورپر ہراساں کرنا اور کمزور کرنا چاہتی ہے ۔ بی جے پی دہلی کے ہر مسلم علاقے میں تجاوزات کے نام پر نفرت اور تقسیم کی سیاست کررہی ہے اور ایک خاص کمیونٹی کے اند ر خوف کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے۔

ایس ڈی پی آئی خبردار کرتی ہے کہ بلڈوزر کی سیاست سے فرقہ وارانہ تقسیم اور پولرائزیشن کو مزید گہرا کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔ جو ملک پر حکمرانی کرنے والی فاشسٹ طاقتوں کے ذریعے پہلے سے ہی جاری ہے اور انہدام کی موجودہ مہم مسلم کمیونٹی کے خلاف عین فرقہ وارانہ مقصد سے چل رہی ہے ۔

اگر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات ہیں تو اس کے سب سے بڑے مجرم بیوروکریٹس اور سیاست دان ہیں جو برسوں پہلے جب تجاوزات یا غیر قانونی تعمیرات ہوئیں تو اپنے سیاسی اور مالی فائدے کیلئے خاموش رہے۔ اگر حکام ایماندار ہیں تو انہیں متاثرین کی بحالی کیلئے کوئی متبادل انتظام کرنا چاہئے اور رہائشی عمارتوں کو بلڈوز کرنے کے بجائے بے دخلی کے قانونی طریقہ کار پر عمل کرنا چاہئے۔

مقررین نے مزید کہا کہ موجودہ بلڈوزر کارروائی مسلم کمیونٹی کو مالی اور نفسیاتی طور پر کمزور کرنے کے آر ایس ایس 47 بی جے پی کے ایجنڈے کا ایک حصہ ہے ۔ ملک میں بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں کے مختلف مقامات پر حکام نے رام نومی اور ہنومان جینتی کی تقریبات کے تازہ ترین فرقہ وارانہ ورژن کے بعد مسلمانوں کے خلاف یہ بلڈوزر سیاست شرو ع کردی ہے۔ حکام اس انسان دشمن بلڈوزر سیاست سے باز رہیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا حکام کو انتباہ کرتی ہے کہ اگر وہ بلڈوزر کی سیاست کو جاری رکھیں گے تو ایسی فرقہ وارانہ سرگرمیوں کے خلاف سخت عوامی احتجاج شروع کرے گی ۔ اس احتجاجی مظاہرے میں دہلی ریاستی جنرل سکریٹری نفیس صدیقی،ریاستی سکریٹری ہاشم ملک، ریاستی خزانچی فریداحمداور سینکڑوں کارکنان شریک رہے ۔