Fund campaign for treatment of Hindu person in mosques
قومی خبریں

کیرالہ: مساجد میں ہندو شخص کے علاج کے لئے فنڈ کی مہم

ریاست کیرالہ کے ملاپورم میونسپلٹی حدود میں 20 مساجد کے انتظامیہ نے ایک ہندو آٹو رکشا ڈرائیور کے گردے کی پیوند کاری کے علاج کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے کی مہم میں شمولیت اختیار کی، جس نے تقریباً پانچ ماہ قبل اپنا آٹو رکشا چلانا چھوڑ دیا تھا۔

اڑتیس سالہ راگیش بابو نے تقریباً پانچ مہینے پہلے اپنا آٹو رکشا چلانا چھوڑ دیا تھا، اور فی الحال کوزی کوڈ کے ایم آئی ایم ایس ہسپتال میں گردے کی ایک بڑی سرجری کے بعد صحت یاب ہو رہے ہیں۔ گزشتہ جمعہ کو ملاپورم میونسپلٹی کی حدود میں 20 مساجد کے انتظامیہ نے راگیش کے علاج کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے کی مہم میں شمولیت اختیار کی۔ اور ان مساجد میں جمعہ کی نماز کے چند منٹوں میں ہی 1.38 لاکھ روپے اکٹھے کر لیے گئے۔

جمعہ کی نماز میں شرکت کرنے والا کوئی بھی شخص اس مہم سے حیران نہیں ہوا جب انہوں نے رضاکاروں کو ‘راگیش بابو ٹریٹمنٹ فنڈ’ کے لیبل والی بالٹیاں اٹھائے ہوئے دیکھا۔ ان کے لیے راگیش کے مذہب سے کوئی فرق نہیں پڑتا تھا۔ جو چیز ان کے لیے اہم تھی وہ انسانیت تھی۔

بہت سے لوگوں نے مساجد کی طرف سے راگیش کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کی مثال کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ملاپورم ماڈل کے طور پر دیکھا۔ راگیش بابو ٹریٹمنٹ اینڈ کمیٹی کے سیکرٹری باسم پاری نے کہا کہ "جب ہم نے اس کے علاج کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا تو ہم نے اس کے مذہب کے بارے میں سوچا بھی نہیں۔ ہم فنڈز کے لیے تمام ممکنہ ذرائع تلاش کر رہے تھے، اور مساجد صرف ایک ذریعہ تھیں‘‘۔

ماں کا گردہ
یہاں کے قریب ہجیار پلی سے تعلق رکھنے والا ایک بیچلر راگیش 12 سال سے زیادہ عرصے سے گردے کی بیماری میں مبتلا ہے۔ گذشتہ 11 سال پہلے ہی اس کے گردے ناکارہ ہونے کی وجہ سے اس کی ماں کا گردہ لگایا گیا تھا جس کے سہارے وہ زندہ تھا، راگیش کو علاج کے لئے اپنا گھر بھی فروخت کرنا پڑا تھا۔ اور وہ آٹو رکشا چلا کر اپنا گزارا کیا کرتا تھا۔

لیکن COVID-19 نے تقریباً دو سال پہلے اس کی زندگی کو پھر سے جھٹکا دیا، اور وہ یرقان اور چکن پاکس کا شکار ہو گیا جس کے باعث اس کی ماں کا لگایا ہوا گردہ بھی ناکارہ ہوگیا۔ راگیش نے مخیر حضرات کے تعاون سے گزشتہ منگل کو، عید الفطر کے دن ایمرجنسی ٹرانسپلانٹ کرایا۔ ٹرانسپلانٹ کی لاگت تقریباً 15 لاکھ روپے ہے۔ "ہم جلد ہی 15 لاکھ روپے جمع کرنے کے لیے پرامید ہیں‘‘۔

ہندو مسلم اتحاد:۔

یہاں کے ایک سماجی کارکن شوکت اپوڈن نے کہا کہ کمیٹی سے رابطہ کرنے والی تمام مساجد نے اس مہم میں تعاون کیا، "جب کسی انسان کو بچانے یا مدد کرنے کی بات آتی ہے تو ہم مسلمان اور ہندو میں کبھی فرق نہیں کرتے، ہمارے پاس امن اور تعاون کے ساتھ ساتھ رہنے کی ایک طویل روایت ہے‘‘۔ جب انہوں نے راگیش کے مقصد کے لیے چندہ دیا، تو ملاپورم میں آخری جمعہ میں شرکت کرنے والوں میں سے زیادہ تر کے ہونٹوں پر یہ دعا تھی: "خدا اسے بہتر صحت دے”۔