ائمہ، مبلغین، مؤذنین کے لئے گولڈن ویزا
مسلم دنیا

دبئی: ائمہ، مبلغین، مؤذنین کے لئے گولڈن ویزا

ابوظہبی: دبئی ان ائمہ، مبلغین اور مؤذنین کو گولڈن ویزے جاری کرے گا جنہوں نے متحدہ عرب امارات میں 20 سال سے زائد خدمات مکمل کی ہیں۔

دبئی میڈیا آفس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ہدایت کے مطابق انہیں مالیاتی بونس بھی دیا جائے گا۔

یہ قدم اسلام کی تعلیمات کو متعارف کرانے اور رواداری کی اقدار کو عام کرنے میں ان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اٹھایا گیا ہے، خاص طور پر رمضان کے مقدس مہینے میں۔

دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد نے مساجد کے ائمہ، مبلغین اور مؤذنین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں ان کے اہم کردار کو سراہا اور احترام کیا جاتا ہے۔

متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزا

گولڈن ویزا یو اے ای کی حکومت نے 2019 میں متعارف کروایا تھا جو غیر ملکیوں کو قومی کفیل کی ضرورت کے بغیر اور متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر اپنے کاروبار کی 100 فیصد ملکیت کے ساتھ ملک میں رہنے، کام کرنے اور تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ یہ ویزے 5 یا 10 سال کے لیے جاری کیے جاتے ہیں اور خود بخود تجدید ہو جاتے ہیں۔

ویزا سرمایہ کاروں، کاروباری افراد، غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل افراد اور ٹیکنالوجی اور علم کے بہت سے شعبوں میں محققین کے ساتھ ساتھ غیر معمولی طلباء کو بھی دیا جاتا ہے۔