فلسطینی صدر محمود عباس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی جانب سے کشیدگی میں نمایاں اضافے کے درمیان فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کرے۔
سرکاری فلسطینی خبر رساں ایجنسی (WAFA) کی رپورٹ کے مطابق عباس نے مشرق وسطیٰ کے امن عمل کے لیے یورپی یونین کے خصوصی نمائندے Sven Koopmans کے ساتھ ملاقات کے دوران یہ بات کہی۔
رپورٹ کے مطابق عباس نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے مسلسل حملوں کا جائزہ لیا، اور تناؤ میں مسلسل اضافے کو "ناقابل برداشت” قرار دیا۔
اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان گزشتہ تین ہفتوں کے دوران مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں بالخصوص رمضان المبارک کے مہینے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
پیر کے روز، فلسطینی صدارتی ترجمان نبیل ابو رودینہ نے خبردار کیا کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے بڑھتے ہوئے اقدامات معاملات کو "ایک بے قابو صورتحال” کی طرف دھکیل دیں گے۔
واضح رہے کہ جمعہ کے دن اسرائیلی فورسز نے نماز فجر کے وقت مسجد اقصی میں گھس کر نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور مسجد میں آنسو گیس کے شل برسائے جس کے بعد جھڑپوں میں سینکڑوں فلسطینی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پچھلے تین ہفتوں کے دوران اسرائیلی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں درجنوں فلسطینی افراد کو گرفتار کیا ہے۔