گجرات کے دلوانہ ضلع میں واقع ورندا ویر مہاراج مندر نے جمعہ کے روز مسلمانوں کے لیے مغرب کی نماز ادا کرنے اور رمضان کے مہینے میں افطار کرنے کے لیے اپنے دروازے کھول دیے۔
بناسکانتھا گاوں کے تقریبا 100 مسلم افراد کو 1,200 سال پرانے مندر میں مدعو کیا گیا تھا جو دلوانا کے لوگوں کے لیے بہت سماجی اور مذہبی اہمیت رکھتا ہے۔
مندر کے پجاری پنکج ٹھاکر نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ "یہ مندر اپنی تاریخ میں پہلی بار مسلمانوں کے لیے کھولا گیا ہے۔ ” اور انہیں افطار کی دعوت دی گئی۔
ٹھاکر نے مزید کہا "اس سال، مندر کے ٹرسٹ اور گرام پنچایت نے روزہ دار مسلمانوں کو افطار کے لیے مدعو کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہم نے اپنے گاؤں کے 100 سے زیادہ مسلمان روزداروں کے لیے پانچ سے چھ قسم کے پھل، کھجور اور شربت کا انتظام کیا ہے۔ میں نے آج اپنی مقامی مسجد کے مولانا صاحب کو ذاتی طور پر خوش آمدید کہا۔
افطار میں شرکت کرنے والے مسلمانوں نے انتظامات پر مندر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ 2011 کی مردم شماری کے مطابق دلوانہ میں 2,500 لوگ رہتے ہیں جس میں راجپوت، پٹیل، پرجاپتی، دیوی پوجک، اور مسلم کمیونٹیز کا غلبہ ہے۔ ضلع میں تقریباً 50 مسلم خاندان ہیں جو زیادہ تر کھیتی باڑی اور کاروبار سے منسلک ہیں۔
واضح رہے کہ گجرات کے اس مندر انتظامیہ نے ایک ایسے وقت میں مسلمانوں کو افطار کی دعوت دی ہے جب ملک میں مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز مہم چلائی جارہی ہے۔ کرناٹک میں مسلمانوں کو مختلف طریقوں سے ہراساں کیا جارہا ہے۔