انقرہ: 88 سالوں میں پہلی بار ترکی کے شہر استنبول میں واقع ‘آیا صوفیہ’ مسجد میں رمضان کے پورے مہینے میں نماز تراویح ادا کی جائے گی۔
استنبول کے تاریخی مقام کو دوبارہ مسجد میں تبدیل کرنے کے بعد رمضان المبارک میں تراویح کی نماز ادا کی جائے گی۔ اس سے پہلے کورونا وائرس کی وجہ سے اس میں نماز تراویح ادا نہیں کی جاسکی تھی۔
رمضان المبارک کے سلسلے میں مسجد میں تقریبات کا سلسلہ بھی منعقد کیا جائے گا۔ پورے مقدس مہینے میں ظہر کی نماز سے پہلے مفتیان کرام، مسلم قانونی ماہرین کی طرف سے خطبہ دیا جائے گا۔
24 جولائی 2020 کو آیا صوفیہ مسجد 86 سالوں میں پہلی بار جمعہ کو عبادت کے لیے دوبارہ کھول دی گئی تھی۔
مشہور یادگار آیا صوفیہ نے استنبول کی فتح تک 916 سال تک چرچ کے طور پر کام کیا۔ اس کے بعد اس نے 1453 سے 1934 تک تقریبا 500 سال مسجد کی حیثیت سے اس کو استعمال کیا گیا- اور حال ہی میں 86 سال تک ایک میوزیم کے طور پر کام کیا۔
ترکی میں مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کی طرف سے سب سے زیادہ دیکھی جانے والی تاریخی عمارتوں میں سے ایک آیا صوفیہ کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا گیا۔
10 جولائی 2020 کو ترکی کی ایک عدالت نے 1934 کے کابینہ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا جس نے آیا صوفیہ کو ایک عجائب گھر میں تبدیل کر دیا تھا، اور 86 سال کے وقفے کے بعد اسے دوبارہ مسجد کے طور پر استعمال کرنے کی راہ ہموار کی۔ ایک مسجد ہونے کے علاوہ آیا صوفیہ ترکی کے اعلیٰ سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے اور ملکی اور غیر ملکی زائرین کے لیے کھلا رہتا ہے۔