crime
مسلم دنیا

جائیداد کے لئے ماں کا قتل

زمین جائیداد کے لئے قتل و غارت گری کے واقعات تو آئے دن سامنے آتے رہتے ہیں تاہم ان دنوں جائیداد کے لئے ماں باپ کا قتل جیسے سنگین گناہ کرنے سے بعض افراد گریز نہیں کررہے ہیں، مصر میں ایک شخص نے صرف چند گز زمین کے لئے اپنی ماں کا قتل کردیا۔

دبئی: ایک مصری شخص کو مبینہ طور پر اپنی ماں کا سر قلم کرنے اور اس کی لاش کو گٹر میں پھینکنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، اس شخص نے اپنی ماں کے سونے کے زیورات اتار کر سر تن سے جدا کرکے کہیں دور لے جار کر پھینک دیا اور لاش کو گٹر میں پھینک دیا۔

گلف نیوز کے مطابق مصری گورنری بوہیرہ کے الخرصہ کے باشندوں نے ایک مین ہول میں سر قلم کی ہوئی لاش کو دیکھا تو پولیس کو آگاہ کیا۔ یہ خاتون جس کی عمر 80 سال سے زائد تھی، تقریباً ایک ماہ سے لاپتہ ہونے کی اطلاع تھی۔

دوران تفتیش مقتولہ کے بیٹے نے اعتراف جرم کر لیا۔ اس نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب وہ اپنی ماں سے زرعی زمین کی ملکیت منتقل کرنا چاہتا تھا۔ تاہم اس نے یہ کہتے ہوئے اس کے مطالبات سے انکار کر دیا تھا کہ زمین اس کی سات شادی شدہ بہنوں میں بھی تقسیم کی جائے گی اور یہ ان کا حق ہے۔

زبانی تکرار کے بعد اس نے اپنی ماں کو دھکا دیا اور اس کا سر دیوار سے ٹکرایا، جس سے اس کی موت ہوگئی۔ جرم کو چھپانے کے لیے اس نے درانتی سے لاش کا سر قلم کر دیا، اور لاش کو تھیلے میں ڈال کر گٹر میں پھینک دیا۔ بعد میں اس کا سر اور کپڑے کسی دوسری جگہ پھینک دیا۔ دامنہور فوجداری عدالت نے مجرم کو مصری مفتی کے حوالے کر دیا۔