سرکاری پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور نے رمضان المبارک کے دوران مساجد سے نماز کی براہ راست نشریات پر پابندی عائد کر دی ہے۔
وزارت نے نماز کے دوران اماموں اور نمازیوں کی فلم بنانے کے لیے مساجد میں کیمروں کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی اور ہر قسم کے میڈیا کے ذریعے نماز کی براہ راست نشریات پر پابندی عائد کردی۔
یہ اقدام مقدس ماہ رمضان المبارک سے قبل وزارت کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط کے سلسلے کا حصہ ہے۔ وزارت نے کہا کہ افطار کے منصوبوں کے انعقاد کی منصوبہ بندی کرنے والی تنظیموں کو منظوری کے لیے درخواستیں جمع کرانی ہوں گی اور وزارت سے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ اس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد میں نمازیوں میں افطار کا کھانا تقسیم کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کو متعلقہ مساجد کے اماموں کے ساتھ رابطہ قائم کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے رمضان المبارک کے دوران مسجد حرام، مسجد نبوی اور دیگر مساجد سے تراویح اور دیگر نمازوں کی راست نشریات پر کوئی پابندی نہیں تھی۔ مختلف میڈیا ادارے راست نشریات کا اہتمام کیا کرتے تھے۔