بابری مسجد، داڑھی، تین طلاق
حالات حاضرہ

کرناٹک ہائی کورٹ کا فیصلہ

حجاب مسئلہ پر کرناٹک ہائی کورٹ کا فیصلہ جو پانچ ریاستوں کے انتخابات کی وجہ سے محفوظ رکھا گیا تھا، آگیا ہے ، یہ فیصلہ خلاف توقع نہیں ہے، بابری مسجد، داڑھی، تین طلاق وغیرہ پر جو فیصلہ پہلے آچکا تھا اور جس تسلسل سے آیا تھا، اس کی وجہ سے حجاب میں بھی معزز جج صاحبان کا جو رخ ہوگا وہ پہلے سے معلوم تھا۔

پہلے اسے سنگل بینچ سے سہ نفری بینچ کو منتقل کیا گیا، اس سہ نفری بینچ میں ایک مسلم خاتون جج کو بھی رکھا گیا، تاکہ فیصلہ کو متوازن کہنے کے لیے ان کی رائے کا بھی حوالہ دیا جا سکے، اب مقدمہ سپریم کورٹ میں چلے گا، جو پہلے ہی سے وہاں دائر ہے۔ عدالت عظمیٰ کو آگے کی کاروائی کے لیے کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار تھا، جو اب سامنے آگیا ہے اس فیصلہ سے ان تمام لوگوں کو مایوسی ہاتھ لگی ہے جو عدالت عالیہ سے بڑی امیدیں لگائے بیٹھے تھے۔

کرناٹک ہائی کورٹ نے اس فیصلہ کے ساتھ ان تمام عرضیوں کو خارج کر دیا ہے جو اس مسئلہ پر دائر کی گئی تھیں، عدالت عالیہ نے اپنے فیصلے میں واضح کر دیا ہے کہ حجاب اسلام کا لازمی حصہ نہیں ہے، اسکول کو یونیفارم کی تعیین کا اختیار ہے اس معاملہ پر اسے چیلنج نہیں کیا جاسکتا اس فیصلہ کے لیے جن کتابوں کے حوالے دیے گیے ان میں کوئی بھی فرسٹ ریفرنس بک اولین حوالہ جاتی کتب میں شامل نہیں ہے، اور نہ ہی قرآن واحادیث کی گہری سمجھ رکھنے والے کی تحریر کردہ ہیں۔

سارے تحقیقی مقالوں میں فرسٹ ریفرنس بک کو ہی اہمیت دی جاتی ہے اور ثانوی ماخذ اس کے مقابلہ میں کوئی اہمیت نہیں رکھتے، لیکن عدالت غیر معتبر ثانوی ماخذ پر اعتماد کرکے فیصلے سنا دیتی ہے، یہ بڑا المیہ ہے ۔ مسلم فریق کے وکیل نے قرآن کریم اور احادیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے حجاب کو شرعی حکم کا حصہ قرار دینے کی مثالی کوشش کی، لیکن فاضل جج صاحبان کے نزدیک ایک بھی بات دلیل اور حجت نہ بن سکی۔

عدالت نے حجاب کے فیصلے میں بھی سابقہ تکنیک استعمال کیا کہ اگر داڑھی شریعت کا حصہ ہے تو وکیل صاحب بھی مسلمان ہیں ان کے چہرے پر داڑھی کیوں نہیں ہے، حجاب اگر عورتوں کے لیے شریعت میں ضروری ہے تو اسی(80) فی صد عورتیں حجاب میں کیوں نہیں رہتیں، ہم اپنی کمی کوتاہی ، بد عملی اور بے عملی کو انفرادی اور ذاتی عمل کہہ کر آگے بڑھ جاتے ہیں، لیکن عدالت ہماری بے عملی کو ہی دلیل کے طور پر استعمال کر لیتی ہے۔

اگر حالت یہی رہی تو تمام شعائر اسلام دھیرے دھیرے عدلیہ کے فیصلے کی زد میں آجائیں گے اور ہم کچھ نہیں کر پائیں گے، تین طلاق، بابری مسجد وغیرہ کا فیصلہ ہمارے سامنے ہے۔

ان حالات میں قانونی لڑائی لڑنے کے ساتھ ہمیں اپنے طرز عمل کی بھی اصلاح کرنی ہوگی، شریعت کا قانون ہم اپنے عمل سے نہیں توڑیں گے تو کسی کی ہمت نہیں ہوگی کہ وہ اس پر انگلی اٹھائے، آخر سکھوں کی پگڑی ، کڑے، کرپان غیر مسلموں کے جنو،بندی،سندور اور عیسائیوں کے گلے میں لٹکی صلیب کو یونیفارم کے خلاف کیوں نہیں سمجھا جاتا، اس لیے کہ وہ مضبوطی سے اس پر عمل کرتے ہیں، اور اپنے مذہبی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے کسی حد تک جا سکتے ہیں۔ کاش مسلمان بھی اپنے شعائر پر پورے طور پر عامل ہوتے تو یہ دن نہیں دیکھنا پڑتا۔