کرناٹک: مسلم طالبات کو حجاب کے ساتھ داخلے کی اجازت
قومی خبریں

کرناٹک: مسلم طالبات کو حجاب کے ساتھ داخلے کی اجازت

ریاست کرناٹک میں کندا پورا کے دو سرکاری و ایک پرائیویٹ کالج میں مسلم طالبات کو حجاب پہن کر داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم انہیں الگ کلاسز میں بٹھایا گیا جہاں پڑھائی نہیں ہورہی ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق ان طالبات کو حجاب کے ساتھ کیمپس اور علیحدہ کلاس رومز

میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی تاہم انہیں کلاسز سے محروم رکھا گیا ہے۔

اسی دوران کالج کیمپس میں دلت طلبہ نے با حجاب طالبات کے ساتھ اظہار یکجہتی میں ہرے اسکارف ڈال کر ریلی نکالی۔

کندا پورہ کے دو سرکاری و ایک پرائیویٹ کالج کے ذمہ داروں نے باحجاب طالبات کے کالج میں داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی جس کے خلاف باحجاب طالبات کالج کے صدر دروازہ کے باہر احتجاج بھی کیا تھا۔

ریاست کرناٹک کے ضلع اڈوپی کے سرکاری کالج میں تقریباً 1 ماہ سے باحجاب طالبات کو کلاسز میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے، الزام ہے کہ کالج ڈیولپمنٹ کمیٹی کی جانب سے باحجاب طالبات کو کالج میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔ بتادیں کہ اس کمیٹی میں بی جے پی کے مقامی رہنماء بھی شامل ہیں۔

کرناٹک میں مختلف کالجز میں مسلم طالبات کو حجاب کے ساتھ داخل ہونے سے روکا جارہا ہے اور یہ معاملہ ہائی کورٹ میں بھی پہنچ گیا ہے۔ ملک بھر میں اس کے خلاف احتجاج بھی کیے گئے ہیں۔