زیڈ موڑ سرنگ کی تعمیر
جموں و کشمیر

‘زیڈ موڑ سرنگ کی تعمیر جلد ہی مکمل ہوگی’

معروف سیاحتی مقام سونمرگ کو سال بھر کھلا رکھنے کے لئے گگنگیر اور سونمرگ کے دس کلو میٹر کے فاصلے کو طے کرنے کے لئے سال 2015 میں زیڈ موڑ سرنگ کی تعمیر شروع کردی گئی تھی.

چونکہ سیاحتی مقام سونمرگ ہر سال سردیوں کے موسم میں برف باری ہونے کے سبب چار ماہ کے لئے بند کردیا جاتا ہے کیونکہ گگنگیر سے سونمرگ گیارہ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہنگ پارک کے دائرے میں دس فٹ سے لیکر پندرہ فٹ تک برفباری ہوتی ہے جس کے لئے اس شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت مکمل طور پر بند کردی جاتی ہے.

اس مسئلہ کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکزی سرکار نے سال 2015 میں گگنگیر اور سونمرگ کو ملانے کے لئے 6.5 کلومیٹر زیڈ موڑ سرنگ کی تعمیر 23 ہزار کروڑ کی لاگت سے شروع کردی تھی۔ تاہم دو سال سے زائد عرصہ تک زیڈ موڑ سرنگ کا کام نامعلوم وجوہات کی بنا پر بند کردیا گیا تھا.

سنہ 2020 میں ایپکو نامی تعمیراتی کمپنی نے زیڈ موڑ سرنگ کی تعمیر شدومد سے جاری رکھی ہوئی ہے. زیڈ موڑ سرنگ 6.5 کلومیٹر لمبی تعمیر کی جارہی ہے جبکہ سرنگ تک پہنچنے کے لئے 5 کلومیٹر رابطہ سڑک کی تعمیر بھی کی جارہی ہے جس میں ایک لمبا پل جبکہ 20 کے قریب چھوٹے چھوٹے کلوٹ پل کی تعمیر بھی جاری ہے.

زیڈ موڑ سرنگ پر سردی گرمی دونوں موسموں میں 2 ہزار سے زائد ہنر مند جن میں ماہر انجینئر،مختلف کاموں میں ماہر کاریگر، مشینوں کے آپریٹر، ڈمپر گاڑیوں کے ڈرائیور سمیت دیگر ہنر مند اور ماہر کاریگر دن رات سرنگ کو مکمل کرنے میں لگے ہوئے ہیں.

ادھر زیڈ موڑ تعمیر کرنے والی کمپنی کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ سال 2023 دسمبر تک ہمیں کام مکمل کرنے کی تاریخ مقرر کی گئی ہے تاہم جس رفتار سے ہم کام کررہے ہیں ہمیں امید ہے کہ سال 2023 کے جون کے مہینے میں ہم زیڈ موڑ سرنگ کو عوام کے نام وقف کردیا جائے گا.

ادھر ضلع انتظامیہ گاندربل کی جانب سے اس بات کی جانکاری دی گئی تھی کہ رواں سردی کے موسم میں زیڈ موڑ سرنگ سے سونمرگ تک سیاحوں کو جانے کی اجازت دی جائے گی جسے زیڈ موڑ سرنگ تعمیر کرنے والی کمپنی کے اعلیٰ حکام نے اس بات کو نکارتے ہوئے کہا کہ ابھی سرنگ اس قابل نہیں ہے کہ اس میں گاڑیوں کی نقل و حرکت چھوڑی جائے البتہ ایمرجنسی کی صورت میں سوچا جاسکتا ہے۔

سیاحت شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ اگرچہ انتظامیہ نے امسال موسم سرما کے دوران صحت افزا مقام سونہ مرگ کو بحال رکھنے کا خیر مقدم کیا گیا لیکن معمولی برفباری کے بعد ہی گگن گیر سے سونہ مرگ سڑک پر گاڑیوں کوآمدورفت کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے ان کا روزگار متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔

سونہ مرگ کے ہوٹل مالکان نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے ہمارے ساتھ مذاق کیا ہے جب کہ ہم نے سردیوں کے لیے اپنے ہوٹلوں میں تمام تر انتظامات کیے ہیں اور اب ہم سے کہا جاتا ہے کہ سونہ مرگ کو کھولنے کی اجازت نہیں دی جائیں گی۔